اورنج لائن اور میٹرو بس سسٹم میں بھرتیاں،درخواست دینے کا طریقہ جانیں

اورنج لائن اور میٹرو بس سسٹم میں بھرتیاں،درخواست دینے کا طریقہ جانیں

پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی (پی ایم اے) نے لاہور اور راولپنڈی میں مختلف شعبوں کے ماہر افراد اور ڈرائیورز کے لیے 7 نئی ملازمتوں کا اعلان کر دیا ہے۔

اعلان کے مطابق دستیاب آسامیوں میں اورنج لائن میٹرو ریل ٹرانزٹ سسٹم کے لیے ڈائریکٹر آپریشنز، پاکستان میٹرو بس سسٹم کے لیے ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی اور 5 ڈرائیورز کی نشستیں شامل ہیں،ان آسامیوں کے لیے ماہانہ تنخواہ 60 ہزار روپے سے 4 لاکھ 80 ہزار روپے تک مقرر کی گئی ہے۔

ڈائریکٹر آپریشنز کی آسامی

لاہور میں اورنج لائن میٹرو ریل ٹرانزٹ سسٹم کے لیے ڈائریکٹر آپریشنز کی ایک نشست موجود ہے، جس کی مجموعی ماہانہ تنخواہ 4 لاکھ 80 ہزار روپے ہے، جس میں مراعات اور قابل اطلاق ٹیکس شامل ہیں۔

امیدوار کے پاس ایچ ای سی سے منظور شدہ ادارے سے ٹرانسپورٹیشن انجینئرنگ یا سول انجینئرنگ میں ماسٹر ڈگری اور متعلقہ شعبے میں کم از کم 8 سال کا تجربہ ہونا ضروری ہے۔

عوامی نقل و حمل کے منصوبوں میں قائدانہ تجربہ رکھنے والے امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی، جبکہ زیادہ سے زیادہ عمر کی حد 45 سال مقرر کی گئی ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی کی آسامی

راولپنڈی میں پاکستان میٹرو بس سسٹم کے لیے ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی کی ایک نشست کا اعلان کیا گیا ہے، جس کی ماہانہ مجموعی تنخواہ 3 لاکھ 25 ہزار روپے ہے۔

اس عہدے کے لیے امیدوار کے پاس انفارمیشن ٹیکنالوجی، کمپیوٹر سائنس یا کمپیوٹر انجینئرنگ میں 16 سالہ تعلیم اور متعلقہ شعبے میں کم از کم 8 سال کا تجربہ ہونا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں :میٹرو بس پر سفر کرنے والے شہریوں کے لئے اہم خبر

آئی ٹی انفراسٹرکچر کی تنصیب، تکنیکی دستاویزات، معاہدوں اور خریداری کے معاملات میں تجربہ رکھنے والے امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی، عمر کی حد 45 سال مقرر ہے۔

ڈرائیورز کی 5 آسامیاں

پی ایم اے نے لاہور میں ڈرائیورز کی 5 نشستوں کا بھی اعلان کیا ہے، جن کی ماہانہ تنخواہ 60 ہزار روپے ہ۔ ان میں 4 نشستیں اوپن میرٹ جبکہ ایک نشست اقلیتی کوٹے کے لیے مختص ہے۔

امیدوار کے پاس کم از کم میٹرک تعلیم، درست ایل ٹی وی ڈرائیونگ لائسنس اور 4 سال کا ڈرائیونگ تجربہ ہونا ضروری ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ریٹائرڈ ڈرائیورز کو ترجیح دی جائے گی۔ عمر کی زیادہ سے زیادہ حد 40 سال ہے۔

درخواست دینے کا طریقہ

امیدوار پنجاب جاب پورٹل کے ذریعے 15 اگست 2026 تک آن لائن درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ ای میل، کوریئر یا ہاتھ سے جمع کرائی گئی درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی،درخواست کے ساتھ تعلیمی اسناد، تجربہ سرٹیفکیٹس اور فیس سلپ کی اسکین شدہ کاپی اپ لوڈ کرنا لازمی ہے۔

ڈائریکٹر آپریشنز اور ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی کے لیے درخواست فیس 900 روپے جبکہ ڈرائیور کی آسامیوں کے لیے فیس 500 روپے مقرر کی گئی ہے، جو بینک آف پنجاب کی ڈپازٹ سلپ کے ذریعے جمع کرانا ہوگی۔سرکاری ملازمین کو مناسب طریقہ کار کے تحت درخواست دینا ہوگی اور انٹرویو کے وقت این او سی پیش کرنا ضروری ہوگا۔

editor

Related Articles