صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اعلان کیا ہے کہ کاروبار کے فروغ کے لیے بلاسود قرضوں کی فراہمی کا ایک اور بڑا پروگرام رواں برس اکتوبر میں شروع کیا جائے گا، جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز جلد ہی 300 ارب روپے مالیت کے اس تاریخی معاشی پروگرام کا باقاعدہ افتتاح کریں گی۔
یہ اعلان صوبائی وزیر کی زیرِ صدارت منعقد ہونے والے پروجیکٹ اسٹیئرنگ کمیٹی کے اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں ’’وزیر اعلیٰ آسان کاروبار فنانس اسکیم‘‘ کے دوسرے مرحلے کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران ایم ڈی پنجاب اسمال انڈسٹریز کارپوریشن مبین الٰہی نے اسکیم کے عملی مراحل، پیش رفت اور اب تک حاصل ہونے والی کامیابیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری شافع حسین نے کہا کہ بلاسود قرضوں کی مختلف اسکیموں کے باعث پنجاب بھر میں تجارتی اور معاشی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ’’آسان کاروبار فنانس‘‘ اور ’’آسان کاروبار کارڈ‘‘ اسکیموں کے تحت اب تک 70 ارب روپے کے بلاسود قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں، جن سے مجموعی طور پر ایک لاکھ 8 ہزار 371 چھوٹے اور بڑے کاروبار مستفید ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اسکیم کے دوسرے مرحلے کے تحت 90 ارب روپے کے بلاسود قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں، جبکہ وسطی، شمالی اور جنوبی پنجاب کے علاوہ ایکسپورٹ فنانس کے لیے مخصوص ہدفی اسکیمیں بھی کامیابی سے جاری ہیں۔ ان کے مطابق اب تک 4 ہزار 462 افراد کو 53 ارب 70 کروڑ روپے کے بلاسود قرضے جاری کیے جا چکے ہیں۔
صوبائی وزیر نے مزید اعلان کیا کہ بلاسود قرضوں کی فراہمی کا ایک اور بڑا پروگرام اکتوبر میں شروع کیا جائے گا، جس کا مقصد کاروباری سرگرمیوں کو مزید فروغ دینا، نئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کو مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز جلد ہی 300 ارب روپے مالیت کے اس نئے اور تاریخی معاشی پروگرام کا باقاعدہ افتتاح کریں گی، جس سے صوبے میں سرمایہ کاری، کاروباری ترقی اور معاشی استحکام کو مزید تقویت ملنے کی توقع ہے۔