اگر آپ یا آپ کے گھر میں کوئی طالب علم پنجاب کے تعلیمی بورڈز سے امتحان دیتا ہے تو یہ خبر آپ کے لیے اہم ہے، اگلے سال سے امتحانی پرچوں کی روایتی چیکنگ ماضی کا حصہ بننے والی ہے۔
حکومت پنجاب نے امتحانی نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے جوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے بعد پرچے اسکرین مارکنگ (E-Marking) کے ذریعے چیک ہوں گے۔ اس کے ساتھ آن لائن ری چیکنگ، ڈیجیٹل رزلٹ کارڈ اور اے آئی چیٹ بوٹ جیسی سہولیات بھی طلبہ کو فراہم کی جائیں گی۔
یہ اقدامات نہ صرف نتائج کو زیادہ شفاف بنائیں گے بلکہ طلبہ کے اعتماد میں بھی اضافہ کریں گے۔
پرچوں کی مینول چیکنگ ختم، ای مارکنگ نظام نافذ ہوگا
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے گزشتہ روز نتائج کے اعلان اور تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سال سے پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز میں امتحانی پرچوں کی مینول چیکنگ مکمل طور پر ختم کر دی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ اس کی جگہ جدید اسکرین مارکنگ (Screen Marking) یا ای مارکنگ سسٹم نافذ کیا جائے گا، جس کے ذریعے پرچوں کی جانچ زیادہ تیز، درست اور شفاف انداز میں ممکن ہوگی۔
اس کے علاوہ سنٹرلائزڈ چیکنگ سسٹم کو بھی مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ انسانی غلطیوں کے امکانات کم سے کم رہ جائیں۔
طلبہ کو آن لائن ری چیکنگ کی سہولت بھی ملے گی
وزیر تعلیم کے مطابق نئے نظام کے تحت طلبہ اپنے امتحانی پرچوں کی کیو آر کوڈ کے ذریعے آن لائن ری چیکنگ بھی کرا سکیں گے، اس اقدام سے طلبہ کو بورڈ دفاتر کے غیر ضروری چکر نہیں لگانے پڑیں گے اور نتائج پر اعتماد مزید مضبوط ہوگا، ۔
نقل مافیا کے خلاف کامیابی
رانا سکندر حیات نے بتایا کہ حکومت کے سخت اقدامات کے باعث امتحانات میں نقل کرانے والے گروہوں، جنہیں عام طور پر بوٹی مافیا کہا جاتا ہے، کا تقریباً 95 فیصد خاتمہ کر دیا گیا ہے۔
ان کے مطابق اس سال ایسی کوئی شکایت سامنے نہیں آئی کہ امتحانی مراکز فروخت کیے گئے ہوں یا کسی امیدوار سے پرچہ حل کروانے کے لیے رقم وصول کی گئی ہو، ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد صرف امتحانات کا انعقاد نہیں بلکہ میرٹ پر مبنی نظام کو مضبوط بنانا ہے۔
ڈیجیٹل رزلٹ کارڈ اور اے آئی چیٹ بوٹ بھی متعارف
وزیر تعلیم نے بتایا کہ اب طلبہ کو ہارڈ کاپی کی بجائے آن لائن رزلٹ کارڈ فراہم کیے جائیں گے۔
اسی طرح نجی اسکولوں کے طلبہ اپنے ادارے کے پورٹل سے ویریفائیڈ رزلٹ کارڈ حاصل کر سکیں گے، جس کے بعد الگ سے تصدیق کروانے کی ضرورت نہیں رہے گی، مزید یہ کہ طلبہ کی رہنمائی کے لیے اے آئی چیٹ بوٹ بھی متعارف کرایا جا رہا ہے، اس کے ذریعے امتحانات، نتائج اور دیگر معلومات چند لمحوں میں حاصل کی جا سکیں گی، جس سے وقت بھی بچے گا اور بورڈ دفاتر پر دباؤ بھی کم ہوگا۔
طلبہ اور والدین کے لیے اس تبدیلی کا کیا مطلب ہے؟
تعلیمی ماہرین کے مطابق اگر یہ منصوبہ مؤثر انداز میں نافذ ہو گیا تو پنجاب کا امتحانی نظام پہلے سے زیادہ شفاف، تیز اور جدید بن سکتا ہے، اسکرین مارکنگ سے نمبروں میں غلطی کے امکانات کم ہوں گے، آن لائن ری چیکنگ سے طلبہ کا اعتماد بڑھے گا، جبکہ ڈیجیٹل سہولیات کی بدولت نتائج اور تصدیق کا پورا عمل پہلے سے کہیں زیادہ آسان ہو جائے گا۔
حکومت پنجاب کے اس فیصلے کو تعلیمی نظام میں ایک بڑی اصلاح قرار دیا جا رہا ہے، جس کے اثرات آئندہ برسوں میں لاکھوں طلبہ اور ان کے والدین براہِ راست محسوس کریں گے۔