پنجاب حکومت نے شہریوں کو اپنے گھروں کی مرمت، مضبوطی اور توسیع میں مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے “اپنی چھت، محفوظ چھت 2026” پروگرام کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت 5 لاکھ سے 10 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرض فراہم کیے جائیں گے۔
حکومتی منصوبے کے مطابق قرض دو مختلف کیٹیگریز میں فراہم کیا جائے گا۔ پہلی کیٹیگری ان شہریوں کے لیے مختص ہے جو اپنے موجودہ گھر کی چھت کی مرمت یا انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا چاہتے ہیں۔ ایسے درخواست گزاروں کو 5 لاکھ روپے تک بلاسود قرض دیا جائے گا، جس کی واپسی 9 سال کے عرصے میں تقریباً 4 ہزار 700 روپے ماہانہ قسطوں کے ذریعے کی جائے گی۔
دوسری کیٹیگری ان افراد کے لیے ہے جو اپنے گھر کی توسیع، خصوصاً دوسری منزل کی تعمیر، کرنا چاہتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے 10 لاکھ روپے تک کا بلاسود قرض فراہم کیا جائے گا، جس کی ادائیگی بھی 9 سال میں تقریباً 9 ہزار 300 روپے ماہانہ قسطوں کے ذریعے ہوگی۔
پنجاب حکومت کے مطابق اس پروگرام کے لیے درخواستیں آن لائن بھی جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ دلچسپی رکھنے والے شہری سرکاری پورٹل acag.punjab.gov.pk پر رجسٹریشن کے بعد اپنی اسناد فراہم کرکے قرض کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
حکام نے بتایا ہے کہ وہ افراد جو آن لائن درخواست جمع کرانے سے قاصر ہیں، وہ ہاتھ سے لکھی ہوئی درخواست بھی جمع کرا سکتے ہیں۔ ایسے درخواست گزار اپنی درخواستیں متعلقہ ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر یا پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (PHATA) کے دفاتر میں جمع کرا سکتے ہیں۔
پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کا مقصد شہریوں کو بلاسود مالی سہولت فراہم کرکے محفوظ، مضبوط اور بہتر رہائش کے مواقع فراہم کرنا ہے۔