پیٹرول کی قیمت میں بڑا اضافہ

پیٹرول کی قیمت میں بڑا اضافہ

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا، جس کے بعد ملک میں پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمتیں مقرر کردی گئی ہیں۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 18 اگست 2026 کی رات 12 بجے سے ہوگیا ہے۔

وزارتِ پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 77 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 47 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔

پیٹرول کی قیمت 325 روپے 43 پیسے سے بڑھا کر 331 روپے 20 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 383 روپے 95 پیسے سے بڑھا کر 390 روپے 42 پیسے فی لیٹر کردی گئی ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے جاری نظرثانی شدہ پیٹرولیم قیمتوں کے طریقہ کار کے تحت اوگرا نے 18 اگست 2026 سے پیٹرولیم مصنوعات کی ایکس ڈپو قیمتوں میں ردوبدل کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے متعلق اچھی خبر، تجویز وزیر اعظم کے پاس پہنچ گئی

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ملک میں ٹرانسپورٹ، مال برداری اور دیگر شعبوں کے اخراجات بڑھنے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں اشیائے ضروریہ اور روزمرہ استعمال کی مختلف اشیا کی قیمتوں پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔

یاد رہے کہ حکومت نے 14 اگست کو یومِ آزادی کی سرکاری تعطیل کے باعث پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی موجودہ قیمتیں 17 اگست تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

یومِ آزادی کے موقع پر پیٹرول کی قیمت میں 45 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے 16 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد پیٹرول 325 روپے 43 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 383 روپے 95 پیسے فی لیٹر ہوگیا تھا۔

 

Related Articles