پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے متعلق اچھی خبر، تجویز وزیر اعظم کے پاس پہنچ گئی

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے متعلق اچھی خبر، تجویز وزیر اعظم کے پاس پہنچ گئی

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے تعین کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آگئی پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے وزیراعظم کو نئی سمری ارسال کرتے ہوئے قیمتوں کے تعین کا پرانا نظام بحال کرنے کی تجویز دی ہے۔

تجویز میں کہا گیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی جنگی صورتحال میں کمی اور عالمی مارکیٹ میں نسبتاً استحکام کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ کے بجائے ہر 7 یا 15 روز بعد مقرر کی جائیں۔ موجودہ روزانہ قیمتوں کے نظام پر ڈیلرز کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش نے کراچی میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اس حوالے سے وزیراعظم کو نئی سمری بھجوائی گئی ہے۔ ان کے مطابق مقصد قیمتوں کے تعین کے ایسے طریقہ کار کی واپسی ہے جس میں عالمی منڈی کے نرخوں کا جائزہ ایک مقررہ مدت کے بعد لے کر نئی قیمتیں نافذ کی جائیں۔

یہ بھی پڑھیں:موٹر سائیکل پر جھنڈا لگانے پر7 ہزار افراد کو مفت پیٹرول مل گیا، آفر کی ملک بھر میں دھوم

دوسری جانب پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کے ڈیلرز مارجن میں بھی اضافہ منظور کرلیا گیا ہے۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ڈیلرز مارجن میں 15 روپے 51 پیسے اضافے کی منظوری دی گئی۔

ذرائع کے مطابق اس فیصلے کے نتیجے میں پیٹرول اور ڈیزل پر فی لیٹر ایک روپے 34 پیسے ڈیلرز مارجن بڑھے گا جس کے بعد دونوں مصنوعات پر ڈیلرز مارجن 8 روپے 64 پیسے سے بڑھ کر 9 روپے 98 پیسے فی لیٹر ہوجائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مارجن میں اضافے کے باعث پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں مجموعی طور پر 2 روپے 68 پیسے فی لیٹر اضافی بوجھ شامل ہوگا۔

اب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے دو اہم معاملات زیرِ بحث ہیں ایک طرف قیمتوں کے تعین کا روزانہ والا موجودہ نظام ختم کرکے 7 یا 15 روزہ پرانا نظام واپس لانے کی تجویز وزیراعظم کے سامنے ہے جبکہ دوسری جانب ڈیلرز مارجن میں اضافے کی منظوری دی جاچکی ہے۔

اگر قیمتوں کے پرانے نظام کی تجویز منظور ہوتی ہے تو صارفین کو عالمی مارکیٹ میں روزانہ ہونے والی معمولی تبدیلیوں کے بجائے مقررہ مدت کے بعد نئی قیمتوں کا سامنا ہوگا جس سے قیمتوں میں روزانہ اتار چڑھاؤ ختم ہونے کی توقع ہے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles