انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان ویمنز ٹیم کی بیٹر گل فیروزہ پر امپائر کے فیصلے سے اختلاف کرنے پر جرمانہ عائد کردیا۔
ویمنز ٹی20 ایشیا کپ میں ہانگ کانگ کے خلاف گزشتہ روز کھیلے گئے میچ کے دوران گل فیروزہ نے امپائر کے فیصلے پر اختلاف کیا، جس پر آئی سی سی نے ان پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا ہے،آئی سی سی کی جانب سے گل فیروزہ کو ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا ہے۔
یہ پاکستان ویمنز ٹیم کے لیے ٹورنامنٹ میں دوسرا جرمانے کا واقعہ ہے، اس سے ایک روز قبل قومی ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا پر بھی میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا تھا اور انہیں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا تھا۔
فاطمہ ثنا کو بھارت کے خلاف میچ کے دوران بھارتی بیٹر شفالی ورما کو آؤٹ کرنے کے بعد انہیں میدان سے باہر جانے کا اشارہ کرنے پر سزا دی گئی تھی،دوسری جانب پاکستان ویمنز ٹیم نے ہانگ کانگ کو 72 رنز سے شکست دے کر ویمنز ٹی20 ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہانگ کانگ کو 144 رنز کا ہدف دیا، تاہم ہانگ کانگ کی پوری ٹیم 19 اوورز میں صرف 71 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے نشرا سندھو نے شاندار اور تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیریئر کی بہترین کارکردگی دکھائی اور 6 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کپتان فاطمہ ثنا اور سعدیہ اقبال نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔