آپ کا ڈرائیونگ لائسنس کم از کم ایک سال کے لیے معطل ہوسکتا ہے؟ اہم خبر

آپ کا ڈرائیونگ لائسنس کم از کم ایک سال کے لیے معطل ہوسکتا ہے؟ اہم خبر

لاہور ٹریفک پولیس نے مہلک اور شدید سڑک حادثات میں ملوث ڈرائیوروں کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔

ٹریفک حکام کے مطابق لائسنس معطل ہونے کے باوجود گاڑی یا موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف اب باقاعدہ فوجداری مقدمہ درج کیا جائے گا، جبکہ لائسنس کم از کم ایک سال کے لیے معطل رہے گا۔

چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبد الرحیم شیرازی نے بتایا کہ شدید اور جان لیوا حادثات کا سبب بننے والے 146 ڈرائیورز کے لائسنس پہلے ہی معطل کیے جا چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’ای بائیک اسکیم‘، طلبہ کے لیے مفت ڈرائیونگ سکھانے کے لیے ٹریننگ سینٹرز قائم

انہوں نے کہا کہ غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ اور سنگین حادثات میں ملوث پائے جانے والے ڈرائیورز کا لائسنس کم از کم ایک سال کے لیے معطل رہے گا، جبکہ جان لیوا حادثات کی صورت میں لائسنس کی منسوخی یا معطلی کا حتمی فیصلہ عدالتِ عظمیٰ کے احکامات کے تابع ہوگا۔

سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ شہر میں غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹیلرنس پالیسی نافذ کردی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور حادثات کے سدِباب کے لیے بلاامتیاز قانونی اقدامات جاری رہیں گے۔

Related Articles