وزیراعظم آزاد کشمیر کے ویژن اور خصوصی ہدایات کی روشنی میں ستھرا کشمیر پروگرام کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا، جس کے تحت آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا نظام مرحلہ وار نجی شعبے کو آؤٹ سورس کیا جائے گا،نجی کمپنیوں اور سروس فراہم کرنے والے اداروں کی خدمات حاصل کرنے کیلئے ایک ہفتے کے اندر اشتہارات جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ستھرا کشمیر پروگرام کے حوالے سے اہم فیصلے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی ارشاد احمد قریشی کی زیر صدارت ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیے گئے۔
اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ، میئرز، چیئرمینز، چیف آفیسران، ڈپٹی ڈائریکٹرز لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
حکومت ریگولیٹر کا کردار ادا کرے گی
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی ارشاد احمد قریشی نے اجلاس کو بتایا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کی ہدایات کے مطابق حکومتی ادارے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے حوالے سے بنیادی طور پر ریگولیٹر کا کردار ادا کریں گے۔
صفائی کی خدمات کی فراہمی کیلئے نجی شعبے کے ساتھ معاہدے کیے جائیں گے، جبکہ صفائی کے عملی نظام کو مؤثر بنانے کیلئے ضروری مشینری، گاڑیاں اور افرادی قوت نجی پارٹیز معاہدے کے تحت فراہم کریں گی۔
تمام اضلاع میں یکساں نظام
ارشاد احمد قریشی نے کہا کہ پورے آزاد کشمیر میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کیلئے یکساں معیار اپنانے پر توجہ دی جا رہی ہے،ان کے مطابق صفائی کے عملے اور مشینری کیلئے پورے آزاد کشمیر میں ایک ہی طرز کا یونیفارم ہوگا، جبکہ جن علاقوں میں اضافی مشینری، گاڑیوں یا سینٹری ورکرز کی ضرورت ہوگی، وہاں نجی شعبہ معاہدے کے تحت یہ سہولیات فراہم کرے گا۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے کہا کہ حکومت کے100 روزہ پلان میں ستھرا کشمیر پروگرام کے علاوہ گرین ایریاز کا قیام، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کیلئے نئی آپریشنل گاڑیوں کی خریداری، ماڈل ویلیجز کا قیام اور شہروں کی خوبصورتی کیلئے مختلف اقدامات شامل ہیں،انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی کامیابی کیلئے محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی اور منتخب بلدیاتی نمائندگان کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔
گھروں سے کوڑا اٹھانے کا جامع پلان
ارشاد احمد قریشی نے بتایا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں پورے آزاد کشمیر میں سالڈ ویسٹ اکٹھا کرنے کے حوالے سے جامع اور تفصیلی پلان مرتب کیا جا رہا ہے،انہوں نے کہا کہ صفائی کا نظام صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں رکھا جائے گا بلکہ دیہی علاقوں کو بھی اس پروگرام کا حصہ بنایا جائے گا۔گاؤں کی سطح پر منتخب بلدیاتی نمائندگان، یوتھ کونسلرز اور خواتین کونسلرز کے تعاون سے گھروں سے کوڑا کرکٹ اکٹھا کرنے کا نظام بھی تشکیل دیا جائے گا۔
دیہی علاقوں کو بھی پروگرام میں شامل کرنے کا فیصلہ
میئر میونسپل کارپوریشنز مظفرآباد، کوٹلی، حویلی اور سدھنوتی نے ستھرا کشمیر پروگرام کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام میونسپل کارپوریشنز سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے شعبے میں نجی سیکٹر کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہیں۔
چیئرمین ضلع کونسل باغ اور نیلم ویلی نے کہا کہ ستھرا کشمیر پروگرام میں دیہی علاقوں کو شامل کرنا انتہائی اہم فیصلہ ہے، کیونکہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اب صرف شہری علاقوں کا مسئلہ نہیں رہا بلکہ دیہی علاقوں کیلئے بھی ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔
بلدیاتی نمائندوں کا کردار اہم قرار
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صفائی مہم میں منتخب کونسلرز بالخصوص وارڈ کونسلرز، یوتھ کونسلرز اور خواتین کونسلرز کو بھی شامل کیا جائے گا،اس حوالے سے مقامی سطح پر عوامی آگاہی، صفائی کی نگرانی اور گھروں سے کچرا اکٹھا کرنے کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے بلدیاتی نمائندوں کی معاونت حاصل کی جائے گی۔
ماڈل ویلیجز اور ویسٹ مینجمنٹ پر بریفنگ
ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی طاہر اشرف اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ اشفاق احمد نور نے اجلاس کے شرکاء کو ویسٹ مینجمنٹ اور ماڈل ویلیجز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر بابر منہاس نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی موجودہ صورتحال، کچرے کے قدرتی ماحول پر پڑنے والے منفی اثرات ستھرا پنجاب پروگرام کے ماڈل اور جنوبی ایشیا میں ویسٹ مینجمنٹ کے مختلف نجی شعبہ جاتی ماڈلز کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔
نظام بہتر بنانے کا عزم
اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو مؤثر بنانے کیلئے جدید طریقہ کار اپنانے اور نجی شعبے کی مہارت سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے،نجی کمپنیوں کو شامل کرنے کے بعد صفائی کے معیار، کچرے کی بروقت منتقلی، مشینری کے استعمال اور افرادی قوت کی کارکردگی کی نگرانی کیلئے حکومتی ادارے ریگولیٹری کردار ادا کریں گے۔
چیف آفیسران کا گروپ ورک
اجلاس کے اختتام پر تمام چیف آفیسران نے لوکل کونسلوں کی ادارہ جاتی استعدادِ کار کے حوالے سے گروپ ورک بھی کیا،اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ’ستھرا کشمیر پروگرام کے ذریعے آزاد کشمیر کے شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی کا مؤثر، منظم اور جدید نظام قائم کیا جائے گا اور اسے وزیراعظم آزاد کشمیر کے 100 روزہ پلان کے اہم اقدامات میں شامل کیا جائے گا۔