چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے نئے ارکان کی تقرری کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپوزیشن لیڈر کی جانب سے بھیجے گئے خط کا جواب دے دیا ہے جس میں الیکشن کمیشن میں نئی تقرریوں سے متعلق معاملہ زیر بحث آیا ہے۔
خط کا جواب موصول
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے بھیجا گیا جوابی خط محمود خان اچکزئی کو موصول ہوگیا ہے، جس میں آئینی طریقہ کار کے مطابق تقرریوں کا عمل آگے بڑھانے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :نئے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے لیئے اوریا مقبول جان پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں: فیاض الحسن چوہان کا دعوٰی
حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے نئے ارکان کی تعیناتی کے لیے آئین میں وضع کردہ طریقہ کار پر عمل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
حکومتی نمائندوں کی ملاقات
ذرائع کے مطابق محمود خان اچکزئی سے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اور وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے بھی ملاقات کی تھی۔
ملاقات کے دوران الیکشن کمیشن میں اہم تقرریوں سمیت سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وزیراعظم کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کے خط کا جواب دینے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس رابطے کے بعد وزیراعظم کی جانب سے باضابطہ جواب اپوزیشن لیڈر کو بھجوا دیا گیا ہے۔
اپوزیشن میں مشاورت
محمود خان اچکزئی اس وقت کوئٹہ میں موجود ہیں اور ذرائع کے مطابق آئندہ دو سے تین روز کے دوران اسلام آباد پہنچنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد واپسی کے بعد اپوزیشن لیڈر وزیراعظم کی جانب سے بھیجے گئے خط کے مندرجات پر چیئرمین تحریک انصاف سمیت دیگر اپوزیشن رہنماؤں سے مشاورت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اہم آئینی عہدے پر تقرری کے معاملے میں اپوزیشن کی رائے کو حتمی مشاورت کا حصہ بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
ناصر عباس کو اعتماد میں لیا جائے گا
محمود خان اچکزئی سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس کو بھی وزیراعظم کے جواب اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق اعتماد میں لیں گے۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن رہنماؤں کے درمیان مشاورت کے بعد چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے نئے ارکان کی تقرری کے معاملے پر آئندہ کا مؤقف طے کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں :چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کی تقرری کا معاملہ، وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر کو ملاقات کی دعوت دیدی


