بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کے دائیں ہاتھ میں ہمیشہ نظر آنے والا فیروزی بریسلٹ ایک بار پھر مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
سلمان خان کو عام دنوں کے علاوہ تقریبات اور خصوصی مواقع پر بھی دائیں ہاتھ میں فیروزی رنگ کے پتھر والا بریسلٹ پہنے دیکھا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مداحوں کے ذہنوں میں اکثر یہ سوال اٹھتا رہا ہے کہ آخر اداکار اس بریسلٹ کو ہر وقت اپنے ساتھ کیوں رکھتے ہیں۔
یہ سوال نیا نہیں بلکہ کئی مرتبہ سوشل میڈیا پر زیر بحث آچکا ہے۔ اب سلمان خان کا ایک پرانا انٹرویو دوبارہ توجہ حاصل کر رہا ہے، جس میں انہوں نے خود اس بریسلٹ کی کہانی بیان کی تھی۔
سلمان خان کے مطابق ان کے والد سلیم خان بھی اسی طرح کا بریسلٹ پہنا کرتے تھے۔ اداکار نے بتایا تھا کہ بچپن میں وہ اپنے والد کے بریسلٹ کے ساتھ کھیلا کرتے تھے اور فلمی دنیا میں قدم رکھنے کے بعد ان کے والد نے وہ بریسلٹ انہیں تحفے میں دے دیا۔
وقت گزرنے کے ساتھ یہ بریسلٹ سلمان خان کے لباس اور شخصیت کا مستقل حصہ بن گیا اور آج بھی وہ اسے اپنی شناخت کا ایک نمایاں جزو سمجھتے ہیں۔ سلمان خان فیروزی پتھر کے حوالے سے ایک خاص عقیدہ بھی رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ پتھر منفی اثرات کو اپنے اندر جذب کرنے اور انسان کو ذہنی دباؤ سے محفوظ رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
یوں سلمان خان کے ہاتھ میں موجود یہ بریسلٹ صرف فیشن یا اسٹائل کی علامت نہیں بلکہ ان کے لیے والد کی یاد اور ایک ذاتی جذباتی تعلق بھی رکھتا ہے، یہی وجہ ہے کہ کئی برس گزرنے کے باوجود یہ ان کے ساتھ نظر آتا ہے۔