ہالی ووڈ کی آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ جینیفر لارنس نے بالآخر انسٹاگرام کی دنیا میں قدم رکھ دیا، تاہم سوشل میڈیا پر ان کی انٹری کے ساتھ ہی ایک دلچسپ وارننگ بھی سامنے آگئی۔
’دی ہنگر گیمز‘ کی معروف اداکارہ نے 9 ستمبر کو انسٹاگرام پر اپنا اکاؤنٹ بنایا، جس کے بعد 24 گھنٹے مکمل ہونے سے پہلے ہی ان کے فالوورز کی تعداد تقریباً 10 لاکھ تک پہنچ گئی۔
انسٹاگرام پر اپنی پہلی ویڈیو میں جینیفر لارنس نے بتایا کہ وہ اس پلیٹ فارم کو استعمال کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، تاہم اگر کسی صارف نے ان کے بارے میں کوئی منفی تبصرہ کیا تو وہ فوراً انسٹاگرام چھوڑ دیں گی۔
اداکارہ نے یہ بات مزاحیہ انداز میں کہتے ہوئے کہا کہ اگر کسی نے ان کے بارے میں کوئی بری بات سوچنے کی بھی کوشش کی تو انہیں اس کا پتا چل جائے گا اور وہ سوشل میڈیا سے ہی کنارہ کشی اختیار کر لیں گی۔
جینیفر لارنس کی یہ دلچسپ وارننگ ان کے مداحوں میں بھی خاصی توجہ حاصل کر رہی ہے، جبکہ انسٹاگرام پر ان کی اچانک آمد نے مختصر وقت میں ہی بڑی تعداد میں صارفین کو اپنی جانب متوجہ کرلیا ہے۔