ہائیکورٹ میں ججز کی چھٹیوں کا نیا نظام، بڑی تبدیلی کردی گئی

ہائیکورٹ میں ججز کی چھٹیوں کا نیا نظام، بڑی تبدیلی کردی گئی

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی ہدایت پر ہائیکورٹ کے ججز کی موسمِ گرما اور موسمِ سرما کی تعطیلات کے لیے پہلی مرتبہ باقاعدہ نیا میکنزم تیار کرلیا گیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے ججز کی تعطیلات سے متعلق نئی گائیڈ لائنز اور معیاری طریقہ کار جاری کردیا ہے، جس کا بنیادی مقصد تعطیلات کے دوران بھی فوری اور ہنگامی نوعیت کے مقدمات کی سماعت کے لیے مناسب تعداد میں ججز کی دستیابی یقینی بنانا ہے۔

نئی پالیسی کے تحت موسمِ گرما کی تعطیلات کے لیے لاہور ہائیکورٹ کے ججز کو تین گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ ہر گروپ میں ججز کی تعداد حتی الامکان برابر رکھی جائے گی جبکہ گروپس کی تشکیل کے دوران سینئر اور جونیئر ججز کا مناسب امتزاج یقینی بنایا جائے گا تاکہ تعطیلات کے دوران عدالتی امور متاثر نہ ہوں۔

نئے طریقہ کار کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ہر سال موسمِ گرما کی تعطیلات کے لیے تین گروپس تشکیل دیں گی۔ ججز کو ان کے تعطیلاتی گروپ اور تعطیلات کے دورانیے سے ہر سال جنوری کے اختتام تک آگاہ کردیا جائے گا، تاکہ وہ پہلے سے اپنی نجی اور پیشہ ورانہ مصروفیات کی منصوبہ بندی کرسکیں۔

ججز کو اپنے تعطیلاتی دورانیے یا گروپ میں تبدیلی کے لیے درخواست دینے کا موقع بھی دیا جائے گا۔ ایسی درخواستیں فروری کے اختتام تک جمع کرائی جاسکیں گی۔

نئی گائیڈ لائنز کے مطابق یکم مارچ سے موسمِ گرما کے تعطیلاتی گروپس حتمی تصور ہوں گے۔ اس تاریخ کے بعد گروپ یا تعطیلات کے دورانیے میں تبدیلی صرف غیر معمولی حالات میں ممکن ہوگی، جبکہ کسی بھی تبدیلی کے لیے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی منظوری لازمی قرار دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کلٹس گاڑی خریدنے والوں کے لیے بڑی خوشخبری، بنک کی نئی آفر آ گئی

موسمِ سرما کی تعطیلات کے حوالے سے بھی نیا طریقہ کار متعارف کرایا گیا ہے۔ نئی پالیسی کے مطابق دو ہفتوں پر مشتمل سرمائی تعطیلات ہر سال دسمبر کے آخری پیر سے شروع ہوں گی اور دوسرے ہفتے کے ہفتہ کو ختم ہوں گی۔

اس طرح موسمِ سرما کی تعطیلات اب مقررہ طور پر 25 دسمبر سے شروع ہونے کے بجائے دسمبر کے آخری پیر سے شروع ہوں گی، جس سے تعطیلات کی تاریخ ہر سال کیلنڈر کے مطابق تبدیل ہوسکے گی۔

موسمِ سرما کی تعطیلات کے لیے ججز کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا اور دونوں گروپس میں ججز کی تعداد حتی الامکان برابر رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔ اس تقسیم کا مقصد یہ ہے کہ تعطیلات کے دوران بھی عدالتوں میں فوری نوعیت کے معاملات کی سماعت کے لیے مطلوبہ عدالتی عملہ دستیاب رہے۔

نئے نظام کے تحت ججز کو موسمِ سرما کے تعطیلاتی گروپس اور ان کے دورانیے سے ہر سال ستمبر کے اختتام تک آگاہ کردیا جائے گا۔ اگر کسی جج کو اپنے گروپ یا تعطیلات کے دورانیے میں تبدیلی درکار ہو تو وہ اکتوبر کے اختتام تک درخواست دے سکے گا۔

یکم نومبر سے موسمِ سرما کے تعطیلاتی گروپس بھی حتمی تصور ہوں گے اور اس کے بعد تبدیلی صرف غیر معمولی حالات میں کی جاسکے گی۔

لاہور ہائیکورٹ کے مطابق نئے میکنزم کا مقصد صرف ججز کی تعطیلات کو منظم کرنا نہیں بلکہ عدالتی نظام میں تسلسل برقرار رکھنا بھی ہے۔ تعطیلات کے دوران عام مقدمات کی معمول کی سماعت محدود ہونے کے باوجود ایسے مقدمات جن میں فوری یا ہنگامی نوعیت کی کارروائی ضروری ہو، ان کے لیے مناسب تعداد میں ججز کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔

نئی گائیڈ لائنز کے تحت ججز کو کئی ماہ پہلے اپنے تعطیلاتی گروپ اور دورانیے کا علم ہوگا، جس سے وہ اپنی ذاتی مصروفیات اور دیگر ضروری معاملات کی بہتر منصوبہ بندی کرسکیں گے۔

عدالت کے مطابق تین گروپس میں موسمِ گرما کی تعطیلات کی تقسیم اور دو گروپس میں موسمِ سرما کی تعطیلات کا نظام اس امر کو یقینی بنانے میں مدد دے گا کہ عدالتی امور مکمل طور پر تعطل کا شکار نہ ہوں اور ہنگامی نوعیت کے مقدمات کے لیے عدالت میں مناسب تعداد میں ججز موجود رہیں۔

یوں لاہور ہائیکورٹ نے ججز کی سالانہ تعطیلات کے نظام کو پہلے سے زیادہ منظم، قابلِ پیشگوئی اور عدالتی ضرورتوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے نیا میکنزم متعارف کرادیا ہے

Qaisar Mirza
editor

Related Articles