دنیا میں کئی عمارتیں اپنی خوبصورتی اور بلند و بالا ڈیزائن کی وجہ سے مشہور ہیں، لیکن پولینڈ کے ساحلی شہر سوپوٹ میں موجود ایک عمارت ایسی ہے جسے دیکھ کر پہلی نظر میں یقین کرنا مشکل ہو جاتا ہے کہ یہ حقیقت میں بنی ہوئی ہے۔
’کرزیوی ڈومیک‘ یعنی ’ٹیڑھا گھر‘ اپنے حیرت انگیز اور غیر معمولی فن تعمیر کے باعث دنیا بھر میں شہرت رکھتا ہے۔ عمارت کو دیکھ کر یوں محسوس ہوتا ہے جیسے یہ پگھل رہی ہو یا کسی کارٹون فلم سے نکل کر حقیقت میں آ گئی ہو۔
3 منزلہ اس عمارت کی سب سے خاص بات اس کا غیر روایتی ڈیزائن ہے۔ اس کی دیواریں، کھڑکیاں، دروازے اور چھتیں عام عمارتوں کی طرح سیدھی نہیں بلکہ لہراتی اور بل کھاتی ہوئی دکھائی دیتی ہیں، جیسے پوری عمارت کو کسی جادوئی انداز میں موڑ دیا گیا ہو۔
یہ عمارت 2004 میں مشہور آرکیٹیکٹس شاٹنسکی اور زالسکی نے ڈیزائن کی تھی۔ اس کے منفرد ڈیزائن کے لیے انہیں پولش مصنف جان مارسن شینسر کی جادوئی کہانیوں کی کتابوں میں موجود تصاویر سے تحریک ملی۔ تقریباً 4 ہزار مربع میٹر رقبے پر پھیلی اس عمارت کے اندر شاپنگ مال، ریسٹورنٹس، دفاتر اور ایک ریڈیو اسٹیشن بھی قائم ہے۔
رات کے وقت جب عمارت کی ٹیڑھی میڑھی کھڑکیوں میں رنگ برنگی روشنیاں جگمگاتی ہیں تو اس کا منظر مزید حیران کن اور سحر انگیز دکھائی دیتا ہے۔ اپنے منفرد طرز تعمیر کی وجہ سے ’ٹیڑھا گھر‘ آج سوپوٹ آنے والے سیاحوں کے لیے ایک مقبول مقام بن چکا ہے، جہاں لوگ اس عجیب و غریب عمارت کے ساتھ یادگار تصاویر بنانا پسند کرتے ہیں۔