پاکستان تحریک انصاف کے اندر 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کے معاملے پر مشاورت جاری ہے، تاہم پنجاب سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنماؤں اور ارکان اسمبلی نے موجودہ صورتحال میں مارچ ملتوی کرنے کی درخواست کردی ہے۔
شیراز احمد شیرازی کے مطابق اپوزیشن لیڈر پنجاب سمیت پی ٹی آئی کے قومی و صوبائی اسمبلی کے ارکان نے پارٹی قیادت کو آگاہ کیا ہے کہ لانگ مارچ کے لیے پنجاب میں تاحال مطلوبہ سطح کی تیاریاں مکمل نہیں ہوسکیں۔
پنجاب سے تعلق رکھنے والے ارکان کا کہنا ہے کہ بڑے پیمانے پر احتجاج اور لانگ مارچ کے لیے کارکنوں کو منظم کرنے، مختلف اضلاع سے قافلوں کی روانگی اور دیگر انتظامات کے لیے مزید وقت درکار ہے۔
سلمان اکرم راجہ سے رابطہ
شیراز احمد شیرازی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی پنجاب کے بعض ارکان نے پارٹی سیکر ٹری جنرل سلمان اکرم راجہ سے رابطہ کرکے لانگ مارچ ملتوی کرنے کی درخواست کی ہے،ارکان نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر تیاریوں کے لیے مناسب وقت نہ ملا تو 27 ستمبر کا احتجاج توقعات کے مطابق منظم کرنا مشکل ہوسکتا ہے۔
مشاورت نہ ہونے کا شکوہ
پنجاب کے ارکان اسمبلی نے پارٹی قیادت سے شکوہ کیا کہ لانگ مارچ کی تاریخ کے اعلان سے قبل پنجاب کی قیادت اور ارکان اسمبلی سے مؤثر مشاورت نہیں کی گئی،شیراز احمد شیرازی کا ایکس پر اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ارکان نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور بیرسٹر گوہر کی جانب سے احتجاج اور لانگ مارچ سے متعلق فیصلے سے قبل پنجاب کے ارکان کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔
پشاور اجلاس پر بھی تحفظات
پی ٹی آئی پنجاب کے ارکان نے پشاور میں ہونے والے مشاورتی اجلاس سے متعلق بھی تحفظات کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے ارکان کو اپنی تجاویز اور تحفظات پیش کرنے کا مناسب موقع نہیں دیا گیا،ارکان کے مطابق پنجاب لانگ مارچ کے لیے ایک اہم صوبہ ہے اور یہاں سے بڑی تعداد میں کارکنوں اور قافلوں کی شرکت متوقع ہے، اس لیے پنجاب کی قیادت کو فیصلوں میں شامل کرنا ضروری ہے۔
تیاریوں کے لیے مزید وقت درکار
پنجاب کے ارکان کو سب سے زیادہ تشویش احتجاج کی تیاریوں اور کارکنوں کو متحرک کرنے کے حوالے سے ہے،مختلف اضلاع میں تنظیمی سطح پر کام جاری ہے، تاہم بڑے پیمانے پر کارکنوں کو اسلام آباد پہنچانے کے لیے مزید مربوط حکمت عملی اور وقت درکار ہے۔
مرکزی قیادت کا فیصلہ
دوسری جانب پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کی جانب سے 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے اعلان کو فی الحال برقرار رکھا گیا ہے، پارٹی میں اس معاملے پر مزید مشاورت جاری ہے اور پنجاب کے ارکان کی جانب سے سامنے آنے والی تجاویز پر بھی غور کیا جارہا ہے،پی ٹی آئی رہنماؤں کے درمیان لانگ مارچ کے حوالے سے حکمت عملی، کارکنوں کی شرکت اور مختلف صوبوں سے قافلوں کی روانگی سمیت دیگر امور پر مشاورت کی جارہی ہے۔
حتمی فیصلہ باقی
پنجاب کے ارکان کی جانب سے لانگ مارچ ملتوی کرنے کی درخواست کے بعد پارٹی کے اندر آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت مزید اہم ہوگئی ہے تاہم حتمی فیصلہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی مشاورت کے بعد ہی سامنے آئے گا۔
پاکستان تحریک انصاف پنجاب نے لانگ مارچ ملتوی کرنے کی درخواست کر دی
اپوزیشن لیڈر پنجاب سمیت پی ٹی آئی ممبران قومی و صوبائی اسمبلی نے لانگ مارچ کے لئے ناکافی تیاری کا کہا۔پی ٹی آئی کے پنجاب سے ارکان نے سلمان اکرم راجہ کو لانگ مارچ ملتوی کرنے کا کہا۔ارکان نے شکوہ کیا کہ وزیر اعلی…— Sheraz Ahmad Sherazi (@Sherazi_Silmian) September 10, 2026


