پاکستانی گھوڑے میراج کی ٹوکیو آمد، ایشین گیمز میں نئی تاریخ رقم ہو گی

پاکستانی گھوڑے میراج کی ٹوکیو آمد، ایشین گیمز میں نئی تاریخ رقم ہو گی

پاکستان کے ایکویسٹرین ایتھلیٹ عثمان خان کا گھوڑا ایڈن ڈو ویریٹ، المعروف میراج ایشین گیمز میں شرکت کے لیے بحفاظت جاپان پہنچ گیا ہے، تاہم پاکستانی ٹیم کے ضروری سامان اور طبی کٹس کی ایک کھیپ کی ترسیل میں تاخیر ہوگئی ہے۔

پاکستان پہلی مرتبہ ایشین گیمز میں اولمپک ڈسپلن ایونٹنگ میں شرکت کرے گا، جہاں عثمان خان اور ان کا گھوڑا میراج ملک کی نمائندگی کریں گے۔ایکویسٹرین مقابلے 20 سے 23 ستمبر تک ٹوکیو کے جے آر اے ایکویسٹرین پارک میں ہوں گے۔ مقابلوں کا آغاز 20 ستمبر کو گھوڑوں کے طبی معائنے سے ہوگا، جبکہ ڈریسیج 21 ستمبر، کراس کنٹری 22 ستمبر اور شو جمپنگ 23 ستمبر کو ہوگی۔

سامان کی ترسیل میں تاخیر کیوں ہوئی؟

گھوڑوں اور ایکویسٹرین سامان کی بین الاقوامی منتقلی کے ذمہ دار ایجنٹس کے مطابق متعدد قومی اولمپک کمیٹیوں کا سامان مقررہ وقت پر جاپان نہیں پہنچ سکا۔ ایجنٹس کا کہنا ہے کہ اصل بکنگ کے علاوہ مزید 4 ہزار 900 کلوگرام سامان لیج پہنچا تھا، تاہم طیارے کی وزن کی مقررہ حد کے باعث تمام سامان ایک ہی پرواز میں منتقل نہیں کیا جاسکا۔

یہ بھی پڑھیں:معاذ صداقت نے سی پی ایل میں تاریخ رقم کردی، تیز ترین سنچری بنانیوالے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے

لیج پہنچنے کے بعد تمام سامان کو مشترکہ کھیپ کا حصہ بنا دیا گیا، جس کی وجہ سے کسی مخصوص قومی اولمپک کمیٹی کا سامان الگ کرکے پرواز سے اتارنا ممکن نہیں تھا۔

سامان کی جاپان منتقلی تیز کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے گئے ہیں۔ شیڈول کے مطابق 16 ستمبر کی پرواز سے 19 پارسل دوحہ کے راستے ناریتا پہنچنے تھے، جبکہ مزید 34 پارسل 17 ستمبر کی پرواز سے جاپان پہنچنے ہیں۔ تاہم مشترکہ کھیپ ایئرلائن کارگو کے پاس ہونے کے باعث فی الحال یہ تصدیق ممکن نہیں کہ کس ملک کا مخصوص سامان کس پرواز کے ذریعے پہنچ رہا ہے۔

عثمان خان نے سامان کی صورتحال پر وضاحت طلب کرلی

پاکستانی سوار عثمان خان نے متعلقہ ایجنٹس سے سامان کی صورتحال پر فوری وضاحت طلب کی ہے۔ انہوں نے پوچھا ہے کہ اب تک کن قومی اولمپک کمیٹیوں کا سامان پہنچ چکا ہے اور پاکستان کا سامان کب تک جاپان پہنچایا جائے گا۔

عثمان خان کے مطابق پاکستان نے مجموعی طور پر 200 کلوگرام سامان کی گنجائش خریدی تھی، تاہم 30 کلوگرام سامان پہلے ہی کم کیا جاچکا ہے جبکہ 20 کلوگرام خوراک سمیت کئی دیگر اشیا بھی سامان سے نکال دی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:لاہور ہائیکورٹ نے کرکٹر محمد رضوان کی این سی سی آئی اے کے خلاف دی گئی درخواست خارج کردی

ان کا کہنا تھا کہ اگر سامان 16 ستمبر کو پہنچ جاتا تو ٹیم اسی رات تربیتی سیشن کرسکتی تھی، تاہم 17 ستمبر تک تاخیر کی صورت میں ایشین گیمز سے قبل تیاری کے اہم مرحلے میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔ جاپان پہنچنے کے بعد سامان کسٹمز کلیئرنس کے مرحلے سے گزرے گا، جس کے بعد اسے ایکویسٹرین مقابلوں کے مقام تک منتقل کیا جائے گا۔

گھوڑے نے 70 روز قرنطینہ میں گزارے

ایڈن ڈو ویریٹ نے جاپان روانگی سے قبل طویل قرنطینہ مکمل کیا۔ گھوڑے نے فرانس میں 60 روزہ منظور شدہ قرنطینہ کے بعد جرمنی میں 10 روزہ پری ایکسپورٹ قرنطینہ بھی مکمل کیا۔ اس طرح میراج نے مجموعی طور پر 70 روز قرنطینہ میں گزارے۔ تمام طبی ٹیسٹ کے نتائج منفی آنے کے بعد اسے جاپان روانگی کی اجازت دی گئی۔

پاکستانی ٹیم کی ایشین گیمز میں شرکت ایونٹنگ کے حوالے سے تاریخی حیثیت رکھتی ہے۔ ایونٹنگ میں گھڑ سواری کے تین مراحل، ڈریسیج، کراس کنٹری اور شو جمپنگ شامل ہوتے ہیں۔

editor

Related Articles