امریکی ریاست فلوریڈا میں 9 افراد کو لے جانے والا ایک نجی مسافر طیارہ رہائشی علاقے کے بالکل قریب خوفناک حادثے کا شکار ہو گیا۔
طیارہ زمین سے ٹکراتے ہی آگ کا گولہ بن گیا، جس کے نتیجے میں اس میں سوار تمام 9 افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے ، اس اچانک تباہی نے جہاں قریبی علاقوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا، وہیں امدادی ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
حادثہ کب اور کیسے پیش آیا؟
امریکی حکام کے مطابق یہ المناک واقعہ اتوار کی دوپہر تقریباً 12 بج کر 50 منٹ پر پام بیچ کاؤنٹی میں پیش آیا، حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ لیک جیٹ 60 (Learjet 60) تھا، جس نے ٹیکساس کے ‘آسٹن برگسٹروم انٹرنیشنل ایئرپورٹ’ سے پرواز بھری تھی اور اس کی منزل بہاماس تھی۔
پرواز کے دوران طیارہ اچانک فضا سے تیزی سے نیچے آیا اور ملٹری ٹریل اور 10ویں ایونیو نارتھ کے قریب ایک مصروف شاہراہ کے پاس زور دار دھماکے سے تباہ ہو گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق طیارے سے اٹھنے والے آگ کے شعلے اتنے بلند تھے کہ قریبی مکانات نقصان سے بال بال بچے ، واقعے کے بعد علاقے میں شدید بدحواسی پھیل گئی اور تقریباً دو گھنٹے تک بجلی کی فراہمی بھی معطل رہی۔
تحقیقات اور انتظامی اقدامات
واقعے کے بعد پام بیچ کاؤنٹی شیرف آفس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اطراف کی تمام سڑکیں بند کر دیں اور شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی۔
امریکی وزیر ٹرانسپورٹیشن شان ڈفی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے ایک انتہائی غم ناک سانحہ قرار دیا ، انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔
فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) اور نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (NTSB) نے حادثے کی فنی وجوہات کا سراغ لگانے کے لیے تحقیقاتی ٹیمیں جائے وقوعہ پر روانہ کر دی ہیں۔ فی الحال ہلاک ہونے والے مسافروں کی شناخت اور حادثے کی وجوہات ظاہر نہیں کی۔