علاقائی امن کے لیے پاکستان کا کردار دنیا میں تسلیم ہونے لگا،ازبکستان نے بھی اعتراف کر لیا

علاقائی امن کے لیے پاکستان کا کردار دنیا میں تسلیم ہونے لگا،ازبکستان نے بھی اعتراف کر لیا

پاکستان کی علاقائی امن کے لیے سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر پذیرائی ملنے لگی، ازبکستان نے بھی خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے اسلام آباد کے کردار کا اعتراف کرتے ہوئے اس کی کاوشوں کو سراہا۔

پاکستان اور ازبکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تحت تعاون مزید مضبوط بنانے اور علاقائی امن کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ازبک ہم منصب سے رابطے میں تنظیم کے آئندہ اجلاس کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا۔

 دونوں رہنمائوں کے درمیان ہونے والی  ٹیلی فونک گفتگو میں اسحاق ڈار اور ازبک وزیر خارجہ بختیار سعیدوف نے دوطرفہ تعلقات اور علاقائی تعاون سے متعلق امور کا جائزہ لیا۔ گفتگو کا اہم محور ایس سی او کی سرگرمیاں اور آئندہ اعلیٰ سطح کے اجلاسوں کی تیاری تھا۔

ازبکستان کو مبارکباد

اسحاق ڈار نے ایس سی او سربراہانِ حکومت کی کونسل کی صدارت سنبھالنے پر ازبکستان کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے مکمل حمایت اور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

 یہ بھی پڑھیں :مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے پاکستان کے تعمیری کردار کاعالمی سطح پر اعتراف، دوغلی پالیسیوں پر بھارت بوکھلاہٹ کا شکار

ازبک وزیر خارجہ بختیار سعیدوف نے بھی پاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے اس کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے تنظیم کے اندر باہمی تعاون کو آگے بڑھانے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔

2027 کے اجلاس پر مشاورت

گفتگو میں 2027 میں ہونے والے ایس سی او سربراہانِ مملکت کے آئندہ اجلاس کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اجلاس کی ممکنہ تاریخوں اور انتظامی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا۔

اس کے علاوہ تنظیم کی آئندہ سرگرمیوں اور مختلف اجلاسوں کے شیڈول پر بھی مشاورت کی گئی۔ اس پیش رفت کو تنظیمی تعاون اور رکن ممالک کے درمیان رابطوں کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

علاقائی امن پر زور

ازبک وزیر خارجہ نے خطے میں امن اور سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ علاقائی استحکام کے لیے ممالک کے درمیان مسلسل رابطہ ضروری ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :قیام امن کے لیے پاکستان کا کردار تسلیم، 10 سال بعد اسلام آباد، اوسلو تعلقات میں نئی پیش رفت، ناروے کی مزید تعاون کی پیشکش

ٹیلی فونک گفتگو کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے اپنی اپنی قیادت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔ انہوں نے پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ایس سی او کے پلیٹ فارم پر پاکستان اور ازبکستان کا تعاون دونوں ممالک کے سفارتی روابط کو وسعت دینے کا اہم ذریعہ ہے۔ آئندہ اجلاس کی تیاریوں پر ابتدائی مشاورت سے تنظیمی سرگرمیوں میں دونوں ملکوں کی دلچسپی بھی نمایاں ہوئی ہے۔

editor

Related Articles