لاہور ہائیکورٹ نے کرایہ داری سے متعلق اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ کرایہ دار یکطرفہ طور پر مالک مکان کے ساتھ قائم قانونی تعلق ختم نہیں کرسکتا اور کسی تیسرے شخص کی جانب سے ملکیت کے دعوے کو بنیاد بنا کر اصل مالک کو کرایہ دینے سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ عدالت نے قرار دیا کہ ملکیت کا تنازع اپنی جگہ لیکن کرایہ داری کے حقوق و ذمہ داریوں کو اس تنازع کی بنیاد پر ختم نہیں کیا جاسکتا۔
لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بینچ نے شہری اعجاز حسین کی درخواست پر 6 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔ عدالت نے اپیلٹ کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے رینٹ ٹربیونل کی جانب سے جاری تخلیے کے حکم کو بحال کردیا اور کرایہ دار کو مکان کا قبضہ مالک مکان کے حوالے کرنے کی ہدایت کردی۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ اگر کسی جائیداد کی ملکیت سے متعلق تنازع سول عدالت میں زیر سماعت ہو تو بھی محض اس تنازع کی بنیاد پر کرایہ دار اصل مالک کو کرایہ دینا بند نہیں کرسکتا، جب تک قانون کے مطابق اس کے کرایہ داری کے تعلق میں کوئی تبدیلی نہ آئے۔
فیصلے کے مطابق کسی تیسرے شخص کی جانب سے ملکیت کا دعویٰ سامنے آنے کی صورت میں کرایہ دار خود سے یہ فیصلہ نہیں کرسکتا کہ وہ موجودہ مالک کو کرایہ ادا نہیں کرے گا۔ ملکیت کا حتمی فیصلہ متعلقہ سول عدالت کرے گی، جبکہ کرایہ داری اور مکان کے تخلیے سے متعلق معاملات رینٹ عدالت کے دائرہ اختیار میں رہیں گے۔
لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ کسی متنازع دستاویز یا ملکیت کے دعوے کی بنیاد پر کرایہ داری کا معاہدہ خود بخود ختم نہیں ہوجاتا۔
مقدمے کی تفصیلات کے مطابق کرایہ دار نے ایک رشتہ دار کی مبینہ جعلی سیل ڈیڈ کو بنیاد بناتے ہوئے مالک مکان کو کرایہ دینا روک دیا تھا۔ تاہم سول عدالت پہلے ہی متعلقہ تیسرے فریق کی سیل ڈیڈ منسوخ کرچکی تھی۔
عدالت نے اس صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے واضح کیا کہ کرایہ دار ملکیت کے حتمی تنازع کو بنیاد بنا کر کرایہ داری کے اپنے قانونی فرائض سے دستبردار نہیں ہوسکتا۔
فیصلے میں یہ بھی سامنے آیا کہ کرایہ دار نے مقدمے کو طول دینے کے لیے مختلف اوقات میں مختلف وجوہات پیش کیں۔ ابتدا میں بھتیجے کی جانب سے ملکیت کے دعوے کا مؤقف اختیار کیا گیا جبکہ بعد میں سرکاری زمین ہونے کا جواز پیش کیا گیا۔
عدالت نے قرار دیا کہ اگر حکومت بھی کسی زمین یا جائیداد کی ملکیت کا دعویٰ کرتی ہے تو اسے اپنی ملکیت کے دعوے کے لیے الگ سے قانونی کارروائی کرنا ہوگی، تاہم ایسے کسی دعوے کی بنیاد پر کرایہ دار کو مکان کا قبضہ برقرار رکھنے کا حق حاصل نہیں ہوجاتا۔
لاہور ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں عدالتی دائرہ اختیار کی وضاحت کرتے ہوئے قرار دیا کہ جائیداد کی ملکیت کا حتمی فیصلہ سول عدالت کے دائرہ اختیار میں ہے، جبکہ کرایہ داری سے متعلق معاملات رینٹ کورٹ دیکھے گی۔
عدالت کے مطابق کرایہ دار کسی جائیداد پر قبضہ برقرار رکھتے ہوئے ایک طرف مالک مکان کے ساتھ کرایہ داری کا تعلق قائم رکھے اور دوسری جانب مختلف ملکیتی دعوؤں یا اعتراضات کی بنیاد پر اسی مالک کو کرایہ دینے سے انکار کرے، ایسا طرزعمل قابل قبول نہیں۔
عدالت نے واضح کیا کہ محض مختلف اعتراضات یا نئے جواز پیش کرکے کرایہ دار کو جائیداد پر قبضہ برقرار رکھنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
لاہور ہائیکورٹ نے اپیلٹ کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے رینٹ ٹربیونل کا وہ حکم بحال کردیا جس کے تحت کرایہ دار کو جائیداد خالی کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
عدالت نے کرایہ دار کو مکان کا قبضہ مالک مکان کے حوالے کرنے کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا کہ ملکیت سے متعلق کسی تیسرے فریق کا دعویٰ ہو تو اس کا فیصلہ متعلقہ فورم پر ہوگا، لیکن اس دوران کرایہ داری کے قانونی تعلق اور مالک مکان کے حق کو محض دعوے کی بنیاد پر ختم نہیں کیا جاسکتا۔
لاہور ہائیکورٹ کے اس فیصلے میں اس اصول کو واضح کیا گیا ہے کہ جائیداد کی ملکیت کے تنازع اور کرایہ داری کے تعلق کو الگ الگ قانونی معاملات کے طور پر دیکھا جائے گا اور کرایہ دار محض کسی تیسرے شخص کے ملکیتی دعوے کو بنیاد بنا کر کرایہ روکنے یا قبضہ برقرار رکھنے کا یکطرفہ فیصلہ نہیں کرسکتا۔