مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو 20 سے 22 اکتوبر تک جاری رہنے والے تین روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں ان کے ہمراہ خاتونِ اول ساجدہ محمد، کابینہ کے وزرا اور اعلیٰ حکام پر مشتمل وفد بھی پاکستان آیا ہے۔اسلام آباد ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور چوہدری اور وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔
گیارہ سال بعد مالدیپ کے صدر کا دورۂ پاکستان
مالدیپ کے کسی صدر کا گیارہ سال بعد پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے، جسے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے تناظر میں خصوصی اہمیت حاصل ہے، پاکستان اور مالدیپ رواں سال اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 60ویں سالگرہ منا رہے ہیں،دونوں ممالک کے درمیان طویل عرصے سے دوستانہ تعلقات قائم ہیں اور یہ دورہ باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
صدر محمد معیزو کے دورے کے دوران پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور مختلف شعبوں میں شراکت داری کو فروغ دینے کے امکانات پر تبادلۂ خیال متوقع ہے،اس دورے کو دونوں ممالک کے لیے تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے اور موجودہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا اہم موقع قرار دیا جا رہا ہے، اعلیٰ سطحی وفد کی آمد بھی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ دونوں ممالک باہمی دلچسپی کے امور پر رابطے بڑھانے کے خواہاں ہیں۔
پاکستان اور مالدیپ کے سفارتی تعلقات کے 60 سال مکمل ہونے کے موقع پر صدر محمد معیزو کا دورہ دونوں ملکوں کے دیرینہ دوستانہ روابط کی تجدید اور مستقبل میں تعاون کو مضبوط بنانے کی اہمیت رکھتا ہے۔