پشاور، نوجوانوں کے ٹیلنٹ اور ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے نئے پروگرام کی تیاری

پشاور، نوجوانوں کے ٹیلنٹ اور ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے نئے پروگرام کی تیاری

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور اور سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر محمد بختیار خان نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی، جس میں صوبے کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو سامنے لانے اور ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے مجوزہ منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

خیبر اسٹار پروگرام

ملاقات میں خیبر اسٹار ٹیلنٹ اینڈ کلچرل پروموشن پروگرام کے خدوخال پر بریفنگ دی گئی،اس منصوبے کے ذریعے خیبرپختونخوا کے نوجوانوں میں موجود موسیقی کے ٹیلنٹ کو نمایاں کرنے اور صوبے کی ثقافت، روایات اور مختلف ثقافتی رنگوں کو ٹیلی ویژن اور ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے عوام تک پہنچانے کا ارادہ ہے۔

مثبت سرگرمیوں کا فروغ

گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کو سیکیورٹی اور سماجی مسائل سمیت مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، ایسے ماحول میں صحت مند اور تعمیری سرگرمیوں کو فروغ دینا ضروری ہے۔ ان کے مطابق ثقافتی پروگرام نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع دینے کے ساتھ معاشرے میں امن، ہم آہنگی اور مثبت سوچ کے فروغ میں بھی مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

نوجوانوں کے لیے مواقع

گورنر نے کہا کہ صوبے کے نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کمی نہیں، تاہم ان کی حوصلہ افزائی اور ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے مناسب پلیٹ فارم فراہم کرنا ضروری ہے، تاکہ وہ اپنی قابلیت کا اظہار کر سکیں اور مثبت سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں۔

عملی اقدامات کی ہدایت

انہوں نے محکمہ ثقافت، محکمہ کھیل، محکمہ سیاحت اور محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کو باہمی رابطے اور مشاورت سے پروگرام کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی، تاکہ منصوبے پر مؤثر انداز میں عمل درآمد ممکن بنایا جا سکے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے کے ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو تعمیری سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنے والے اقدامات کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔

editor

Related Articles