موسم خشک رہے گا یا بارش ہوگی؟ محکمہ موسمیات نے ملک بھر کے لیے نئی پیشگوئی کردی

موسم خشک رہے گا یا بارش ہوگی؟ محکمہ موسمیات نے ملک بھر کے لیے نئی پیشگوئی کردی

محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے شمالی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں سردی برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے، جبکہ چترال اور گلگت بلتستان کے چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کی رات ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ شمالی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ موسم سرد رہنے کی توقع ہے۔

منگل کے روز بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم شمالی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ صبح اور رات کے اوقات میں سردی برقرار رہنے کی توقع ہے۔

اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم صبح اور رات کے اوقات میں خنکی محسوس کی جاسکتی ہے۔

خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں سردی رہنے کا امکان ہے۔ چترال اور گردونواح میں چند مقامات پر مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں موسمیاتی پیش گوئی کا نیا نظام تیار، قدرتی آفات سے پہلے خبردار کرنے کی تیاری

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ مری، گلیات اور گردونواح میں صبح اور رات کے اوقات میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ دن کے اوقات میں گرم رہنے کی توقع ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہے گا، تاہم شمالی اضلاع میں صبح اور رات کے اوقات میں سردی رہنے کا امکان ہے۔

کشمیر میں موسم خشک اور سرد رہنے کی توقع ہے، جبکہ گلگت بلتستان کے چند مقامات پر مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا، جبکہ شمالی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں سردی محسوس کی گئی۔

گزشتہ روز ملک کے مختلف علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت لہہ میں منفی 4، اسکردو میں منفی 1، زیارت میں 1، قلات میں 2 جبکہ بابوسر اور استور میں 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

Related Articles