پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سائبر فراڈ اور آن لائن دھوکہ دہی کی روک تھام کے لیے میٹا کے تعاون سے ری سائیکل شدہ موبائل نمبرز سے منسلک ایک لاکھ 76 ہزار واٹس ایپ اکاؤنٹس بلاک کر دیے ہیں۔
پی ٹی اے حکام کے مطابق یہ کارروائی ان شکایات کے بعد عمل میں لائی گئی جن میں ری سائیکل شدہ موبائل نمبرز کے ذریعے دھوکہ دہی اور غیر قانونی سرگرمیوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔ اس اقدام کا مقصد صارفین کو آن لائن فراڈ سے محفوظ رکھنا اور ڈیجیٹل سیکیورٹی کو مضبوط بنانا ہے۔
حکام نے بتایا کہ پی ٹی اے اب تک تقریباً ایک کروڑ ری سائیکل شدہ موبائل نمبرز تصدیق کے لیے میٹا کو فراہم کر چکی ہے تاکہ ان نمبرز سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال کی جا سکے۔
پی ٹی اے اور میٹا کے درمیان نئے انتظام کے تحت ہر ماہ 5 ہزار ری سائیکل شدہ موبائل نمبرز میٹا کو فراہم کیے جائیں گے۔ اس عمل کے ذریعے ان نمبرز سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹس کی نشاندہی کرکے انہیں غیر فعال کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق ٹیلی کام آپریٹرز کے پاس اس وقت تقریباً ایک کروڑ 60 لاکھ ری سائیکل شدہ موبائل نمبرز موجود ہیں۔ یہ نمبرز اس وقت صارفین کے لیے سیکیورٹی خطرات پیدا کر سکتے ہیں جب کسی پرانے صارف کی سم منسوخ ہونے اور وہی نمبر نئے صارف کو جاری کیے جانے کے باوجود اس سے منسلک پرانا واٹس ایپ اکاؤنٹ فعال رہتا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق گزشتہ سال میٹا نے اتھارٹی کی جانب سے بھجوائی گئی شکایات میں سے 82 فیصد کو حل کیا تھا۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ پی ٹی اے اور میٹا کے درمیان اس تعاون کا بنیادی مقصد واٹس ایپ اکاؤنٹس کے غلط استعمال کی روک تھام، آن لائن دھوکہ دہی سے صارفین کا تحفظ اور پاکستان بھر میں موبائل صارفین کی ڈیجیٹل سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
