سابقہ خاندانی دشمنی کا شاخسانہ، پشاور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نادرا کا اسسٹنٹ ڈائریکٹر جاں بحق

سابقہ خاندانی دشمنی کا شاخسانہ، پشاور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نادرا کا اسسٹنٹ ڈائریکٹر جاں بحق

پشاور میں تھانہ حیات آباد کی حدود میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کا اسسٹنٹ ڈائریکٹر جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق  دہشت گردی کے کوئی شواہد نہیں ملے اور واقعہ سابقہ خاندانی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔

ابتدائی تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے حیات آباد فیز 5 میں نادرا دفتر کے عقب میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فہد ولد شاروم کو قتل کردیا۔ مقتول کا تعلق کافور ڈھیری سے بتایا گیا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کردیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کے 8 خالی خول برآمد کرلیے، جبکہ مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

سی سی پی او پشاور کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں قتل کی وجہ سابقہ خاندانی دشمنی سامنے آئی ہے اور واقعے میں دہشت گردی کے ملوث ہونے کے کوئی شواہد نہیں ملے۔

سی سی پی او کا کہنا ہے کہ ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ واقعے کے اصل حقائق معلوم کرنے اور ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے خصوصی تفتیشی ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔

پولیس واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے تاکہ قتل میں ملوث ملزمان کی شناخت کرکے انہیں قانون کی گرفت میں لایا جاسکے۔

Related Articles