وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کی برآمدات میں اضافے اور پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی بہتر بنانے کے لیے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کی کارکردگی اور ادارہ جاتی اصلاحات سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزرا رانا تنویر حسین، جام کمال خان، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران شرکا کو ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کی موجودہ کارکردگی، ادارہ جاتی ڈھانچے اور مجوزہ اصلاحات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی برآمدی استعداد وسیع ہے اور ملک کا جغرافیائی محل وقوع انتہائی موزوں ہے۔ برآمدات میں اضافے کے لیے پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی کلیدی اہمیت رکھتی ہے، جبکہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو جدید خطوط پر استوار کرنے سے اس مقصد کے حصول کی راہ ہموار ہوگی۔
وزیراعظم نے زرعی مصنوعات کی برآمدات میں اضافے کے لیے مکمل ایکو سسٹم تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زرعی شعبے کی پوری ویلیو چین کو ترقی دی جائے گی تاکہ پاکستانی زرعی مصنوعات کی برآمدی صلاحیت سے بھرپور استفادہ کیا جا سکے۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں شفاف طریقہ کار کے تحت میرٹ کی بنیاد پر اعلیٰ تربیت یافتہ اور باصلاحیت افرادی قوت کی شمولیت یقینی بنائی جائے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ادارہ جاتی اصلاحات اسی صورت کامیاب ہوسکتی ہیں جب اداروں میں ترقی اور پیشہ ورانہ پیش رفت کو اہداف کے حصول اور کارکردگی سے مشروط کیا جائے۔
انہوں نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی کارکردگی اور مالی معاملات کے آڈٹ کے لیے اچھی شہرت کی حامل نجی آڈٹ فرم کی خدمات حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ ادارے کی کارکردگی اور مالیاتی امور کا جائزہ لیا جا سکے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ حکومت ملکی برآمدات بڑھانے کے لیے صنعتوں کے ساتھ ساتھ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو بھی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی وسیع برآمدی استعداد اور موزوں جغرافیائی محل وقوع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستانی مصنوعات کی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کو بہتر بنایا جائے گا۔
