وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ ریاست میں انتشار پھیلانے والے عناصر تحریک آزادی کشمیر کو نقصان پہنچا رہے ہیں، ایسے عناصر کی نشاندہی کرکے ان کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی، مطالبات اپنی جگہ لیکن ان کے لیے اختیار کیا جانے والا طریقہ کار قابل قبول نہیں، ریاست کو آگے لے جانے کے لیے سب کو متحد ہوکر چلنا ہوگا۔
وادی لیپہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ریاست میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے اپنی صفوں میں موجود انتشار پسند عناصر کی نشاندہی ضروری ہے۔ ایسی گفتگو اور طرز عمل سے گریز کرنا چاہیے جس سے انتشار کو ہوا ملے۔
افتخار گیلانی نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر آباد عوام کے عزم، ہمت اور جذبے کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج بھی ان کے حوصلے پست نہیں کرسکی۔ بدقسمتی سے ہماری صفوں میں ایسے عناصر شامل ہوچکے ہیں جو اپنے مقاصد اور مفادات کے لیے انتشار پھیلانا چاہتے ہیں اور ان کا طرز عمل تحریک آزادی کشمیر کو نقصان پہنچا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ میاں نواز شریف کا فون آیا تو انہیں آگاہ کیا کہ وہ وادی لیپہ میں موجود ہیں، جس پر نواز شریف نے وادی لیپہ کے عوام کو سلام پیش کیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے ایل او سی پر دفاع وطن کے لیے موجود افواج پاکستان کے جوانوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
وادی لیپہ میں سیاحت اور روزگار کے نئے منصوبوں کا اعلان
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ وادی لیپہ کی سیاحتی ترقی کے لیے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرکے جامع منصوبہ بندی کی جائے گی۔ لوگ اس وادی کی خوبصورتی دیکھنا چاہتے ہیں، اس لیے سیاحت کے فروغ کے لیے قابل عمل منصوبے متعارف کرائے جائیں گے تاکہ مقامی افراد کو باعزت روزگار کے مواقع مل سکیں،انہوں نے کہا کہ علاقے سے بے روزگاری کا خاتمہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے جبکہ سڑکوں سمیت بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
لیپہ کے طلبہ کو پاکستان کی بہترین جامعات میں تعلیم دلانے کا اعلان
افتخار گیلانی نے کہا کہ وادی لیپہ کے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے بہترین مواقع فراہم کرنا حکومت کا مقصد ہے۔ مالی مشکلات کے باعث اعلیٰ تعلیم حاصل نہ کر پانے والے بچوں کو پاکستان کی بہترین سرکاری اور اعلیٰ نجی جامعات میں تعلیم دلوائی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ بہتر مواقع اور تجربات سے روشناس کرانا بھی ضروری ہے۔ آنے والے دنوں میں لیپہ کے لیے متعدد ترقیاتی منصوبے متعارف کرائے جائیں گے جبکہ مرحلہ وار تمام بنیادی مراکز صحت اور دیہی مراکز صحت کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا۔
حق خودارادیت کا حصول ہمارا مقصد ہے
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ بیس کیمپ حکومت کا مقصد اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کا حصول ہے۔ کشمیریوں نے استصواب رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے اور پاکستان کے حق میں ووٹ دے کر پاکستان کی تکمیل کریں گے،انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر امن کا گہوارہ ہے اور امن، عزت و احترام ہماری میراث ہیں۔ ریاست کو ترقی کی راہ پر آگے لے جانے کے لیے سب کو متحد ہوکر کام کرنا ہوگا۔
افتخار گیلانی نے مزید کہا کہ حکومت کا مقصد ریاست کے بچوں کا روشن مستقبل ہے، عوام حکومت کو کچھ وقت دیں، ریاست میں واضح تبدیلی نظر آئے گی۔ آئندہ تین ماہ میں تیسرے فریق کے ذریعے سرکاری ملازمتوں پر بھرتیوں کا عمل شروع کردیا جائے گا۔
