دہشتگردی کے سامنے پی ٹی آئی کا مجرمانہ سرنڈر، 13 سال اقتدار کے مزے لوٹنے کے باوجود پولیس کو نہ مطلوبہ گاڑیاں دیں، نہ جدید انسداد ڈرون نظام فراہم کیا، دہشتگردی کے خاتمے کے بجائے دہشتگردوں کی سہولت کاری کرتی رہی ۔
خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے طویل دورِ اقتدار کے دوران دہشتگردی کے خلاف مؤثر اقدامات نہ ہونے اور سکیورٹی اداروں کو بنیادی وسائل فراہم نہ کیے جانے کے سوالات ایک بار پھر اٹھنے لگے ہیں۔
صوبے میں پولیس کی 10 ہزار سے زائد آسامیاں خالی، آپریشنل گاڑیوں کی 36 فیصد کمی اور ڈرون حملوں سے نمٹنے کے لیے محدود صلاحیت نے سابقہ حکومتی کارکردگی پر سنگین سوالات کھڑے کردیے ہیں۔
گورنر ہاؤس پشاور میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت سکیورٹی سے متعلق خصوصی بریفنگ منعقد ہوئی، جس میں صوبائی مشیران، اعلیٰ سول و پولیس حکام اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے شرکت کی۔
بریفنگ میں صوبے کی سکیورٹی صورتحال اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو درپیش اہم مسائل پر روشنی ڈالی گئی، حکام نے بتایا کہ خیبرپختونخوا پولیس کی 10 ہزار 587 جبکہ محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کی 638 آسامیاں خالی ہیں۔
بریفنگ میں انکشاف کیا گیا کہ پولیس کے زیر استعمال آپریشنل گاڑیوں کی تعداد میں 36 فیصد کمی ہے، جبکہ ڈرون حملوں کو روکنے اور ان سے نمٹنے کی صلاحیت بھی محدود ہے۔
اجلاس میں پیش کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق 2024 سے ستمبر 2026 تک مسلح افواج کے ایک ہزار 3 اہلکار، پولیس کے 627 اہلکار اور 808 عام شہری شہید ہوچکے ہیں۔
بریفنگ میں سکیورٹی کے ان مسائل پر قابو پانے کے لیے جامع اصلاحات کی فوری ضرورت پر زور دیا گیا۔ اس سلسلے میں پولیس اور محکمہ انسداد دہشتگردی میں خالی آسامیوں کو پُر کرنے، آپریشنل گاڑیوں کی کمی دور کرنے اور جدید انسداد ڈرون نظام کی صلاحیت بڑھانے کو اہم قرار دیا گیا۔