مریخ کی 4 ارب سال قدیم چٹان دریافت، ماضی میں پانی کی موجودگی کے اہم شواہد مل گئے۔ سائنس دانوں نے زمین پر مریخ کی قدیم ترین چٹانوں میں سے ایک دریافت کرلی ہے، جس کے تجزیے سے انکشاف ہوا ہے کہ تقریباً 4 ارب 10 کروڑ سال پہلے مریخ کی سطح پر پانی موجود تھا۔
گلابی مائل رنگ کے اس نایاب شہابی پتھر کو ’ٹیغزا 001‘ کا نام دیا گیا ہے۔ محققین کے مطابق اس کی کیمیائی ساخت مریخ سے ملنے والے دیگر شہابی پتھروں سے مختلف ہے، جس نے سائنس دانوں کی توجہ حاصل کرلی ہے۔
امریکی خلائی ادارے ناسا کی جیٹ پروپلشن لیبارٹری سے وابستہ سیاروی سائنس دان یانگ لیو، جو اس تحقیق کی مرکزی مصنفہ بھی ہیں، کے مطابق یہ نایاب چٹان مریخ کی ابتدائی بیرونی پرت اور اندرونی ساخت کو سمجھنے کا ایک منفرد موقع فراہم کرتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ چٹان اس دور سے تعلق رکھتی ہے جب زمین پر زندگی کی ابتدا ہو رہی تھی۔ اس کے سائنسی تجزیے سے مریخ کے ابتدائی ماحول اور وہاں موجود جغرافیائی حالات کے بارے میں بھی اہم معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔
محققین کے مطابق یہ شہابی پتھر مریخ کے اندرونی حصے یعنی مینٹل سے نکلنے والے پگھلے ہوئے مادے، جسے میگما کہا جاتا ہے، سے تشکیل پایا تھا۔ بعد ازاں یہ مادہ ٹھنڈا ہوکر چٹان میں تبدیل ہوگیا اور مریخ کی بیرونی پرت کا حصہ بن گیا۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اس چٹان کی منفرد کیمیائی ساخت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ اس کا تعلق مریخ کے ایسے علاقے سے ہے جس کا اس سے پہلے ملنے والے شہابی پتھروں کی مدد سے مطالعہ نہیں کیا جاسکا تھا۔
یہ تحقیق 29 اکتوبر کو معروف سائنسی جریدے ’سائنس‘ میں شائع ہوئی۔ ماہرین کے مطابق اس دریافت سے مریخ کی ابتدائی تاریخ، اس کی اندرونی و بیرونی ساخت اور اربوں سال پہلے وہاں پانی کی موجودگی کو سمجھنے میں مدد مل سکتی ہے۔