متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں 13ویں عالمی لائبریری کانفرنس کا آغاز ہوگیا جس میں 16 ممالک سے تعلق رکھنے والے 400 ماہرین تعلیم، محققین اور علمی اداروں کے نمائندے شریک ہیں۔
کانفرنس میں جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل معلومات کے بڑھتے ہوئے استعمال کے تناظر میں کتب خانوں کے بدلتے کردار پر غور کیا جارہا ہے۔ اس عالمی اجتماع میں طلبہ کی پیشہ ورانہ تربیت، تحقیقی صلاحیتوں اور جدید علمی تقاضوں کو بھی خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔
شارجہ بک اتھارٹی اور امریکن لائبریری ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقد ہونے والی یہ کانفرنس 45ویں شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر کے موقع پر ہورہی ہے۔
افتتاحی تقریب میں شارجہ بک اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو احمد بن رکاض العامری شریک ہوئے، جبکہ امریکن لائبریری ایسوسی ایشن کی سابق صدر سام ہلمک نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔
احمد بن رکاض العامری نے اپنے خطاب میں کہا کہ کتب خانے انسانی تہذیب کی ترقی اور علم کو ایک نسل سے دوسری نسل تک منتقل کرنے میں ہمیشہ بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔ تاہم موجودہ دور میں ان کی ذمہ داریاں صرف کتابوں اور معلومات کی فراہمی تک محدود نہیں رہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نئی نسل کو ماضی کا علمی ورثہ منتقل کرنے کے ساتھ تحقیق، سوال کرنے اور نئے علمی امکانات تلاش کرنے کی صلاحیت سے بھی آراستہ کرنا ضروری ہے۔
کانفرنس کے اہم موضوعات میں مصنوعی ذہانت کا بڑھتا استعمال اور ڈیجیٹل معلومات کی صحت و درستگی شامل ہیں۔ شرکا نے اس بات پر تبادلہ خیال کیا کہ معلومات کے وسیع ذخیرے میں قارئین کو مستند اور قابل اعتماد مواد تک رسائی کیسے فراہم کی جاسکتی ہے۔
امریکن لائبریری ایسوسی ایشن کی سابق صدر سام ہلمک نے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں معلومات کی فراوانی اور الگورتھمز کے بڑھتے اثرات نے کتب خانوں کی ذمہ داریوں میں اضافہ کردیا ہے۔ ان کے مطابق معلومات تک یکساں رسائی، قارئین کی نجی معلومات کا تحفظ اور مختلف نقطہ ہائے نظر کی دستیابی بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
مصر کی اسکندریہ لائبریری کی نمائندہ ہاجر نجدی نے مصنوعی ذہانت سے متعلق عوامی آگاہی کے تجربات پیش کیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ لوگوں کو صرف نئی ٹیکنالوجی استعمال کرنے کی تربیت دینا کافی نہیں بلکہ اس کے فراہم کردہ نتائج کی جانچ اور اخلاقی تقاضوں کو سمجھنا بھی ضروری ہے۔
کانفرنس کے دیگر اجلاسوں میں طلبہ کی کاروباری تربیت، قیادت کی صلاحیتوں، مالیاتی آگاہی اور عملی تعلیم کے فروغ پر بھی گفتگو ہوئی۔ متحدہ عرب امارات کے ماہر ڈاکٹر وسام یوسف مصلح نے مصنوعی ذہانت پر مبنی ایسے نظام کا تعارف پیش کیا جو پڑھنے کی رفتار، توجہ اور فہم کی صلاحیتوں کا جائزہ لینے میں مدد دیتا ہے۔
شرکا نے اس امر پر اتفاق کیا کہ مستقبل کے کتب خانے محض کتابوں کے ذخیرے نہیں ہوں گے بلکہ تحقیق، جدید ٹیکنالوجی، تخلیقی سرگرمیوں اور سماجی ترقی کے اہم مراکز کا کردار ادا کریں گے۔
