خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد ترقیاتی سرگرمیوں میں تیزی اور صوبائی دارالحکومت کی بہتری کے لیے عملی اقدامات نے نئی امیدیں پیدا کردی ہیں۔
پشاور میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی، انڈر پاسز، ٹریفک نظام کی بہتری، تجاوزات کے خاتمے اور شہری سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں پر پیش رفت جاری ہے۔
صوبائی دارالحکومت کو جدید شہری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے گورنر فیصل کریم کنڈی نے ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی اور متعلقہ محکموں کے درمیان رابطوں کو مؤثر بنانے پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔ مختلف منصوبوں کے جائزوں اور مقررہ اہداف کے تعین سے شہر کی ترقی کے عمل کو آگے بڑھانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
پشاور کے لیے جاری ترقیاتی منصوبوں میں رنگ روڈ مسنگ لنک، مختلف مقامات پر انڈر پاسز، فلائی اوورز، سڑکوں کی تعمیر، اسٹریٹ لائٹس اور بجلی کی تاروں کو زیرزمین منتقل کرنے جیسے اہم اقدامات شامل ہیں۔ ان منصوبوں کا بنیادی مقصد شہریوں کو ٹریفک کے مسائل سے نجات دلانا اور شہر کا بنیادی ڈھانچہ بہتر بنانا ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے تعلقہ حکام کو منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ہدایت کی تھی۔ منصوبے کے تحت تقریباً 50 کروڑ روپے کی لاگت سے مختلف ترقیاتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ان اقدامات سے شہر کے اہم راستوں پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور شہریوں کو آمدورفت میں سہولت فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
پشاور کی شہری ترقی کے لیے 35 بڑی سڑکوں کی بحالی، اپ گریڈیشن اور تعمیر کا منصوبہ بھی زیرعمل ہے۔ پیر زاکوری فلائی اوور کے دوسرے حصے کی تعمیر اور ناصر باغ روڈ کی توسیع پر کام جاری ہے۔
یونیورسٹی روڈ، رام داس چوک اور لاہوری چوک پر انڈر پاسز کی تعمیر کے لیے مشاورتی خدمات حاصل کی جاچکی ہیں۔ یونیورسٹی روڈ کی دوبارہ کارپٹنگ کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔