وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر کمی کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 8 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے کمی کردی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 11 نومبر 2026 کے لیے ہوگا۔
وزارت پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے مقرر کردہ طریقہ کار کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 8 روپے کم کرکے 346 روپے سے 338 روپے مقرر کردی گئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 378 روپے سے کم ہوکر 371 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 10 اور 11 نومبر کی درمیانی شب 12 بجے سے ہوگا اور یہ قیمتیں 11 نومبر کے لیے مؤثر رہیں گی۔
حکام کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل عالمی منڈی میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں، پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر متعلقہ اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل دوسری مرتبہ کمی
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے اس سے قبل 6 نومبر کو بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا تھا، جس کا اطلاق 7 سے 10 نومبر تک کے لیے کیا گیا تھا۔
اس فیصلے کے تحت پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 59 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 25 پیسے کمی کی گئی تھی، جس کے بعد پیٹرول 346 روپے اور ڈیزل 378 روپے فی لیٹر مقرر ہوا تھا۔
اب حکومت نے ایک مرتبہ پھر قیمتوں میں کمی کرتے ہوئے پیٹرول 338 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 371 روپے فی لیٹر مقرر کردیا ہے۔
فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 36 مرتبہ کمی اور 39 مرتبہ اضافہ کیا گیا، جبکہ اسی عرصے کے دوران ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 32 مرتبہ کمی اور 45 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
مشرق وسطیٰ کے بحران کے باعث حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کررہی ہے، تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتیں برقرار رکھی جاتی ہیں۔
یاد رہے کہ مہنگے ایندھن کے اثرات کم کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے 13 ستمبر کو موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کے لیے فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے ریلیف دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔
تازہ فیصلے کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے تحت 11 نومبر کو صارفین کو پیٹرول 338 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 371 روپے فی لیٹر دستیاب ہوگا۔