پرتگال میں خطرناک طوفان چارلس کا الرٹ، اسکول اور سرکاری دفاتر بند

پرتگال میں خطرناک طوفان چارلس کا الرٹ، اسکول اور سرکاری دفاتر بند

پرتگال میں شدید طوفان چارلس کے خطرے کے پیش نظر اسکولوں اور سرکاری دفاتر کو بند رکھنے کا اعلان کردیا گیا، جبکہ شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے اور گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پرتگال میں طوفان چارلس کے باعث شدید بارشوں اور انتہائی تیز ہواؤں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ملک کے مختلف علاقوں میں ہواؤں کی رفتار 150 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

پرتگالی وزیر داخلہ نے طوفان کے ممکنہ اثرات کے پیش نظر تمام امدادی اداروں اور فوج کو ہائی الرٹ کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جاسکے۔

حکام نے طوفان کے خطرے کے باعث تعلیمی اداروں اور سرکاری دفاتر کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور گھروں میں رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا کی نظریں اسلام آباد پر،پاکستان ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کی شاندار میزبانی کے لیے تیار

دوسری جانب پرتگال اور پڑوسی ملک اسپین پہلے ہی طوفان برونا کے نتیجے میں ہونے والی شدید بارشوں سے متاثر ہیں، جبکہ نئے طوفانی نظام کے باعث صورتحال مزید سنگین ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

موسمی پیشگوئی کے مطابق اسپین کے بعض علاقوں میں صرف 12 گھنٹوں کے دوران 120 ملی میٹر تک بارش ہونے کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ کینری جزائر کے جزیرے لاپالما میں بھی شدید آندھی کا الرٹ جاری کیا گیا ہے، جہاں ہواؤں کی رفتار 130 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز کرنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

پرتگال میں طوفان چارلس کے پیش نظر حکام نے احتیاطی اقدامات تیز کرتے ہوئے فوج اور امدادی اداروں کو ہائی الرٹ کردیا ہے، جبکہ شہریوں کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رہنے کے لیے گھروں میں قیام کی ہدایت کی گئی ہے۔

Related Articles