بالائی علاقوں میں موسم سرما نے دستک دے دی، وادی ناران اور گردونواح میں بارش اور برف باری نے موسم کا رنگ بدل دیا جبکہ بلند پہاڑی مقامات نے سفید چادر اوڑھ لی۔
سلسل برف باری کے باعث بابوسر ٹاپ کو آمدورفت کے لیے عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے، جس سے اس اہم سیاحتی راستے پر سفر بھی رک گیا ہے۔
بالاکوٹ اور اس کے اطراف میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ وادی ناران سمیت بالائی علاقوں میں برف باری سے سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔ ناران میں گزشتہ پانچ گھنٹوں سے مسلسل برف باری ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں علاقے کا قدرتی منظر مکمل طور پر تبدیل ہوگیا۔
لولوسر جھیل، گٹی داس میڈوز اور بابوسر ٹاپ برف کی سفید چادر میں ڈھک گئے ہیں۔ پہاڑوں، میدانوں اور سیاحتی مقامات پر برف باری نے موسم سرما کی آمد کا واضح احساس دلا دیا ہے۔
بابوسر ٹاپ پر آمدورفت بند
موسم کی مسلسل خرابی اور برف باری کے پیش نظر بابوسر ٹاپ کو عارضی طور پر ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد اس راستے سے سفر کرنے والے افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
بابوسر ٹاپ بلند پہاڑی راستہ ہونے کے باعث موسم کی شدت سے براہ راست متاثر ہوتا ہے۔ برف باری کے نتیجے میں یہاں آمدورفت متاثر ہونے کے ساتھ سیاحتی سرگرمیوں کا سلسلہ بھی محدود ہوگیا ہے۔
جھیل سیف الملوک بھی برف کی لپیٹ میں
دوسری جانب مشہور سیاحتی مقام جھیل سیف الملوک پر بھی برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ برف کی تہہ جمنے اور درجہ حرارت میں کمی سے علاقے میں سردی مزید بڑھ گئی ہے۔
ناران، بٹہ کنڈی، لولوسر جھیل اور بابوسر ٹاپ سمیت بالائی علاقوں میں موسم کی یہ تبدیلی سیاحتی سیزن کے اختتام اور موسم سرما کے آغاز کی علامت بن گئی ہے۔ برف باری نے جہاں قدرتی مناظر کو دلکش بنادیا ہے، وہیں سڑکوں کی بندش اور کاروباری سرگرمیوں کے تعطل نے علاقے کی معمول کی زندگی بھی متاثر کردی ہے۔
