مواخذے کی تلوار،امریکی انتظامیہ میں زلزلہ، پیٹ ہیگسیتھ کے مستقبل کا فیصلہ آج ہوگا

مواخذے کی تلوار،امریکی انتظامیہ میں زلزلہ، پیٹ ہیگسیتھ کے مستقبل کا فیصلہ آج ہوگا

امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کو عہدے سے ہٹانے کی کوشش نے کانگریس میں نیا سیاسی تنازع کھڑا کردیا، ان کے خلاف مواخذے کی قرارداد پر آج ایوان نمائندگان میں ووٹنگ ہوگی۔

یہ قرارداد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جماعت ری پبلکن پارٹی کے رکن کانگریس تھامس میسی نے پیش کی ہے۔ ایوان میں پہلے مرحلے پر قرارداد کو مسترد کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

اگر یہ کوشش ناکام رہی تو مواخذے کی دفعات پر باقاعدہ بحث ہوگی اور ارکان ان پر ووٹنگ کریں گے۔ اس پیش رفت کے نتیجے میں پیٹ ہیگسیتھ کے سیاسی مستقبل سے متعلق اہم سوالات سامنے آگئے ہیں۔

دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے وزیر جنگ کا بھرپور دفاع کیا ہے۔ انہوں نے مواخذے کی قرارداد پیش کرنے والے اپنی ہی جماعت کے رکن تھامس میسی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے میسی کو ’’ناکام اور بیمار ذہنیت کا حامل شخص‘‘ قرار دیا۔  انہوں نے کہا  کہ پیٹ ہیگسیتھ نے دو جنگیں جیتی ہیں اور امریکی فوجی کارروائیوں کو کامیابی سے آگے بڑھایا ہے۔

ٹرمپ نے وینزویلا اور ایران میں امریکی فوجی کارروائیوں کو بھی ہیگسیتھ کی کامیابیوں میں شمار کیا۔ ان کے مطابق وزیر جنگ نے ان دونوں معاملات کو مؤثر انداز میں سنبھالا۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ مواخذے کی قرارداد کسی مخالف جماعت کے رکن کے بجائے خود صدر ٹرمپ کی ری پبلکن پارٹی کے رکن نے پیش کی ہے۔ اس طرح یہ معاملہ امریکی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اختلاف سے آگے بڑھ کر حکمراں جماعت کے اندر بھی اختلافات کی نشاندہی کرتا ہے۔

اب تمام نظریں ایوان نمائندگان کی ووٹنگ پر لگی ہیں، جہاں آج ہونے والی کارروائی سے واضح ہوگا کہ پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی کوشش کس مرحلے تک پہنچتی ہے۔

editor

Related Articles