جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمان سے قومی احتسباب بیورو کے 26 سوالوں کے بعد عوامی حلقوں کی جانب سے اسلام آباد میں خاندانی جائیدادوں، اہل خانہ کے اثاثوں، نیب کی سابقہ تحقیقات، سرکاری تقرریوں اور اربوں روپے کے ترقیاتی ٹھیکوں سمیت مالی معاملات پر 15 سوالات کے جواب دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے، جبکہ تمام متعلقہ معاملات کی شفاف اور قانونی جانچ پڑتال پر بھی زور دیا گیا ہے۔
فضل الرحمان کے سامنے اٹھائے گئے سوالات میں اسلام آباد کی مختلف رہائشی جائیدادوں کی ملکیت اور ان سے وابستہ افراد کے کردار کو خصوصی طور پر موضوع بنایا گیا ہے۔
عوامی حلقوں کی جانب سے پہلے سوال میں اسلام آباد کے جی۔6 سیکٹر کی گلی نمبر 83 میں مکان نمبر 7 کی ملکیت سے متعلق وضاحت طلب کی گئی ہے۔ سوال اٹھایا گیا ہے کہ آیا یہ مکان فضل الرحمان کی ملکیت ہے؟ اگر ایسا ہے تو امان اللہ کا اس گھر سے کیا تعلق ہے؟
اسی علاقے میں گلی نمبر 83 کے مکان نمبر 11 کے حوالے سے بھی سوال کیا گیا ہے کہ آیا یہ گھر فضل الرحمان کے صاحبزادے اسعد محمود کی ملکیت ہے؟ اگر یہ دعویٰ درست ہے تو کرک سے تعلق رکھنے والے جاوید اقبال کا اس جائیداد سے کیا تعلق بنتا ہے؟
مزید برآں گلی نمبر 84 میں واقع ایک اور گھر کا معاملہ بھی اٹھایا گیا ہے، جہاں فضل الرحمان کا خاندان رہائش پذیر ہے، تاہم دستاویزی ریکارڈ میں اس مکان کی ملکیت سینیٹر احمد خان کے نام بتائی جاتی ہے۔ عوامی حلقوں کی جانب سے اس حوالے سے سوال کیا گیا ہے کہ اس جائیداد اور فضل الرحمان کے خاندان کے درمیان کیا قانونی یا مالی تعلق ہے؟
مدرسہ قاسم العلوم اور ڈیرہ اسماعیل خان کی جائیدادیں
سوالات کی فہرست میں ملتان کے مدرسہ قاسم العلوم کا معاملہ بھی شامل ہے۔ فضل الرحمان سے پوچھا گیا ہے کہ کیا اس مدرسے پر ان کے صاحبزادے اسعد محمود کا قبضہ ہے یا نہیں؟ اگر ایسا ہے تو اس کی قانونی اور انتظامی حیثیت کیا ہے؟
عوامی حلقوں کی جانب سے اسی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں ہزاروں کنال اراضی اور بڑے بڑے مکانات کی ملکیت کا معاملہ بھی اٹھایا گیا ہے۔ سوال کیا گیا ہے کہ یہ اثاثے کس ذرائع آمدن سے حاصل کیے گئے اور ان کی خریداری کے لیے استعمال ہونے والی رقم کا قانونی اور مالی ریکارڈ کیا ہے؟
اس سوال کے ذریعے اثاثوں کے ذرائع آمدن، ملکیتی دستاویزات اور متعلقہ مالی تفصیلات عوام کے سامنے لانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ضیا الرحمان کے خلاف نیب تحقیقات اور سرکاری معاملات
فضل الرحمان کے بھائی ضیاء الرحمان سے متعلق سوالات بھی اس فہرست کا اہم حصہ ہیں۔
سوال نمبر 6 میں نشاندہی کی گئی ہے کہ اگست 2020 میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے ضیا الرحمان کو آمدن سے زیادہ اثاثوں کے معاملے میں طلب کیا تھا۔ اس حوالے سے استفسار کیا گیا ہے کہ اس انکوائری کا نتیجہ کیا نکلا اور اس کی تفصیلات آج تک عوام کے سامنے کیوں نہیں آئیں؟
ساتویں سوال میں افغان مہاجرین کمشنری کے فنڈز اور مشینری کی خریداری میں مبینہ بے ضابطگیوں کے الزامات کا ذکر کرتے ہوئے ان کی حقیقت واضح کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ سوال یہ ہے کہ ان الزامات کی تحقیقات کہاں تک پہنچیں اور ان کا حتمی نتیجہ کیا سامنے آیا؟
آٹھویں سوال میں ضیا الرحمان کی سرکاری ترقیوں، تقرریوں اور سرکاری اخراجات سے متعلق تحقیقات کے انجام پر وضاحت طلب کی گئی ہے۔ مطالبہ کیا گیا ہے کہ متعلقہ محکموں کی کارروائی اور تحقیقات کے نتائج عوام کے سامنے لائے جائیں۔
صوبائی سروس میں شمولیت اور کراچی میں تعیناتی کا تنازع
ضیا الرحمان کی سرکاری ملازمت اور انتظامی عہدوں پر تعیناتیوں کے حوالے سے بھی 2 اہم سوالات اٹھائے گئے ہیں۔
عوامی حلقوں کی جانب سے نواں سوال ان کی 2008 میں صوبائی سروس میں شمولیت سے متعلق ہے۔ پوچھا گیا ہے کہ ان کی بھرتی کا طریقۂ کار کیا تھا، کن قواعد و ضوابط کے تحت انہیں سرکاری ملازمت دی گئی اور کیا اس عمل میں تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے تھے؟
10 ویں سوال میں کراچی کے ضلع وسطی میں بطور ڈپٹی کمشنر ضیا الرحمان کی تعیناتی کا معاملہ اٹھایا گیا ہے۔ سوال کیا گیا ہے کہ اس تعیناتی پر سندھ اور خیبر پختونخوا کے درمیان تنازع کیوں پیدا ہوا اور اس تقرری کی قانونی بنیاد کیا تھی؟
ان سوالات میں بنیادی طور پر سرکاری تقرریوں کے قواعد، صوبائی سروس کے دائرہ اختیار اور انتظامی فیصلوں کی قانونی حیثیت واضح کرنے پر زور دیا گیا ہے۔
داماد کی نیب طلبی اور ترقیاتی منصوبوں کے ٹھیکے
عوامی حلقوں کی جانب سے فضل الرحمان کے داماد فیاض علی سے متعلق معاملہ بھی سوالات میں شامل ہے۔
گیارہویں سوال میں پوچھا گیا ہے کہ جنوری 2021 میں نیب کی جانب سے فیاض علی کو طلب کرنے کی وجوہات کیا تھیں؟ اور اس انکوائری کا حتمی نتیجہ کیا نکلا؟ اس حوالے سے متعلقہ تحقیقات اور کارروائی کی تفصیلات سامنے لانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
12 ویں سوال میں اسعد محمود کے دورِ وزارت میں ڈیرہ اسماعیل خان کی 5 سڑکوں کے اربوں روپے مالیت کے ٹھیکوں کا معاملہ اٹھایا گیا ہے۔
سوال میں پوچھا گیا ہے کہ ری ٹینڈرنگ کے عمل کے دوران یہ ٹھیکے مبینہ طور پر من پسند نرخوں پر صرف سلطان محمود کمپنی کو دیے گئے۔
فضل الرحمان سے پوچھا گیا ہے کہ ان ٹھیکوں کی تقسیم کا طریقۂ کار کیا تھا، متعلقہ کمپنی کو ترجیح دینے کی وجوہات کیا تھیں اور کیا اس پورے عمل میں شفافیت اور مسابقت کے تقاضے پورے کیے گئے؟
عمر جان کنسٹرکشن کمپنی اور چترال کی سڑک کا منصوبہ
تیرہویں سوال میں عمر جان کنسٹرکشن کمپنی کے ساتھ فضل الرحمان کے تعلقات کی وضاحت طلب کی گئی ہے۔
اس سوال میں چترال میں تقریباً 150 کلومیٹر طویل سڑک کے منصوبے کا حوالہ دیتے ہوئے الزام لگایا گیا ہے کہ اس منصوبے میں فضل الرحمان اور ان کے خاندان نے مبینہ طور پر اربوں روپے کمائے، جبکہ سڑک تاحال نامکمل اور خراب حالت میں ہے۔
استفسار کیا گیا ہے کہ اس کمپنی کے ساتھ ان کا یا ان کے خاندان کا کیا مالی، کاروباری یا انتظامی تعلق ہے؟ منصوبے کی لاگت، ٹھیکے کی شرائط، ادائیگیوں اور تعمیراتی معیار کی تفصیلات کیا ہیں؟ اگر منصوبے پر بھاری رقم خرچ کی گئی تو اس کے باوجود سڑک کی نامکمل اور خستہ حالت کی وجوہات کیا ہیں؟
مالی معاملات میں مبینہ کردار اور جائیدادوں کی منتقلی
14 ویں سوال میں سینیٹر دلاور خان، سینیٹر احمد خان، ٹھیکیدار امان اللہ، مفتی ابرار اور جاوید اقبال کے نام لے کر ان کے مالی کردار سے متعلق وضاحت طلب کی گئی ہے۔
سوال کیا گیا ہے کہ کیا یہ افراد فضل الرحمان اور ان کے خاندان کے مالی معاملات چلاتے رہے ہیں؟ کیا ان افراد کی جانب سے فضل الرحمان یا ان کے اہل خانہ کو اربوں روپے مالیت کی جائیدادیں دی گئی ہیں؟ اگر ایسا ہے تو ان لین دین کی قانونی حیثیت، ذرائع اور دستاویزی شواہد کیا ہیں؟
یہ سوالات مبینہ مالی روابط، جائیدادوں کی منتقلی اور کاروباری تعلقات کی شفافیت کے تناظر میں اٹھائے گئے ہیں۔
اثاثوں کی شفاف جانچ اور قانون کی یکساں عمل داری کا مطالبہ
پندرھویں اور آخری سوال میں فضل الرحمان کے خاندان کے تمام متعلقہ افراد کے اثاثوں، انتخابی گوشواروں اور جائیدادوں کے ملکیتی ریکارڈ کی شفاف جانچ پڑتال کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
سوال میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اگر قانون کی نظر میں تمام شہری اور سیاسی رہنما برابر ہیں تو فضل الرحمان اور ان کے اہل خانہ کے اثاثوں کی جانچ بھی انہی قانونی اور شفاف اصولوں کے تحت ہونی چاہیے۔
اس حوالے سے اسلامی اصولوں، دیانت داری اور احتساب کے تقاضوں کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔
معاملے کی اہمیت
یہ 15 سوالات محض جائیدادوں کی ملکیت تک محدود نہیں بلکہ ان میں سرکاری ملازمتوں، انتظامی تقرریوں، نیب کی مبینہ تحقیقات، ترقیاتی منصوبوں، سرکاری ٹھیکوں اور خاندانی مالی روابط جیسے متعدد اہم معاملات شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:امان اللہ مفت میں گھر کیوں دے گا؟ مزمل سہروردی نے فضل الرحمان اور ان کے فرنٹ مین کا کچا چٹھا کھول دیا
سیاسی قیادت اور ان کے اہل خانہ کے اثاثوں سے متعلق سوالات پاکستان میں احتساب، شفافیت اور عوامی جواب دہی کی بحث کا اہم حصہ رہے ہیں۔ بالخصوص جب کسی سیاسی شخصیت یا اس کے خاندان سے وابستہ افراد سرکاری عہدوں، ترقیاتی منصوبوں یا بڑے مالی معاملات میں زیر بحث آئیں تو عوامی سطح پر ان کی تفصیلات جاننے کا مطالبہ مزید اہم ہو جاتا ہے۔
جواب دہی کا مطالبہ، سوال بہ سوال وضاحت ضروری قرار
سوالات اٹھانے والوں کا مؤقف ہے کہ فضل الرحمان خود بھی اس اصول کے حامی رہے ہیں کہ قانون سب کے لیے یکساں ہونا چاہیے اور سیاسی قیادت سمیت ہر شخص کو اپنے اثاثوں اور سرکاری معاملات کا جواب دینا چاہیے۔
اسی تناظر میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ سیاسی بیانات اور عمومی وضاحتوں کے بجائے ہر سوال کا الگ، واضح اور دستاویزی جواب دیا جائے۔
بالخصوص جائیدادوں کی ملکیت، ذرائع آمدن، سرکاری تقرریوں، نیب کی تحقیقات اور ترقیاتی منصوبوں کے ٹھیکوں سے متعلق تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں۔
اس معاملے میں فضل الرحمان اور دیگر متعلقہ افراد کا مؤقف، ان کے جوابات اور سرکاری اداروں کی تصدیق شدہ دستاویزات سامنے آنا بھی ضروری ہے، تاکہ الزامات اور حقائق کے درمیان فرق واضح ہو سکے۔
بنیادی مطالبہ یہی ہے کہ اگر قانون سب کے لیے برابر ہے تو احتساب اور شفافیت کے اصولوں کا اطلاق سیاسی قیادت اور ان کے اہل خانہ سمیت ہر متعلقہ فرد پر یکساں ہونا چاہیے۔
