خواتین اور طلبہ کے لیے بڑی خوشخبری، ٹریفک پولیس نے نئی سہولیات متعارف کرا دیں

خواتین اور طلبہ کے لیے بڑی خوشخبری، ٹریفک پولیس نے نئی سہولیات متعارف کرا دیں

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے خواتین اور طلبہ کے لیے متعدد نئی سہولیات متعارف کرا دی ہیں، جن میں خواتین کے لیے خصوصی پنک کاؤنٹرز، مفت اسکوٹی چلانے کی تربیت، طلبہ کو اسی روز موٹر سائیکل کا ڈرائیونگ لائسنس اور لائسنس کی گھر پر ترسیل شامل ہے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق یہ اقدامات چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان کی قیادت میں شہریوں کو آسان اور بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے کیے گئے ہیں۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق ان اقدامات کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانا، نوجوانوں کو قانونی طریقے سے ڈرائیونگ کی ترغیب دینا اور شہریوں کے لیے ٹریفک پولیس کی خدمات تک رسائی آسان بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بجلی کے بلوں میں اضافے کا خدشہ؟ حکومت نے صارفین کو بڑی خوشخبری سنا دی

خواتین کے لیے خصوصی پنک کاؤنٹرز قائم

اسلام آباد کے تمام پولیس خدمت مراکز اور ٹریفک ہیڈ کوارٹرز میں خواتین کے لیے خصوصی پنک کاؤنٹرز قائم کر دیے گئے ہیں۔ ان کاؤنٹرز پر صرف خواتین اہلکار تعینات ہوں گی، جہاں خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس اور کریکٹر سرٹیفکیٹ کے حصول سمیت مختلف سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

خواتین درخواست گزاروں کو ترجیحی بنیادوں پر خدمات دی جائیں گی تاکہ انہیں طویل انتظار اور غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد خواتین کی رازداری، عزتِ نفس اور سہولت کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

طلبہ کو 42 روز انتظار کی شرط سے چھوٹ

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے کالجوں اور یونیورسٹیوں کے اہل طلبہ کے لیے موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کا عمل بھی آسان بنا دیا ہے۔

نئی سہولت کے تحت لرنر پرمٹ حاصل کرنے کے بعد 42 روز انتظار کرنے کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔ اب طلبہ ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد اسی روز موٹر سائیکل کا باقاعدہ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکیں گے۔

یہ سہولت یکم نومبر سے 30 نومبر 2026 تک اسلام آباد ٹریفک پولیس ہیڈ کوارٹرز میں دستیاب ہے۔ اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو بغیر لائسنس موٹر سائیکل چلانے سے روکنا اور قانونی طریقے سے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مہنگائی سے پریشان شہریوں کے لیے خوشخبری، مریم کو بتائیں ایپ سے 10 ہزار روپے کیسے ملیں گے؟

خواتین کے لیے مفت اسکوٹی ٹریننگ میں توسیع

خواتین کے لیے مفت اسکوٹی چلانے کی تربیت کے پروگرام میں بھی توسیع کر دی گئی ہے۔ یہ تربیت یوران ڈرائیونگ اسکول میں فراہم کی جا رہی ہے۔ پروگرام کا پہلا مرحلہ یکم سے 15 نومبر تک جاری رہنا تھا، تاہم خواتین کی دلچسپی اور بھرپور شرکت کے باعث اس کا دوسرا مرحلہ 16 سے 30 نومبر تک بڑھا دیا گیا ہے۔

اس پروگرام کے ذریعے خواتین کو اسکوٹی چلانے کی عملی تربیت دی جائے گی تاکہ وہ اعتماد کے ساتھ خود سفر کر سکیں اور روزمرہ آمدورفت میں خودمختار بن سکیں۔

ڈرائیونگ لائسنس اب گھر بیٹھے حاصل کریں

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کے لیے کوریئر کمپنی ٹی سی ایس کے ذریعے ڈرائیونگ لائسنس گھر پہنچانے کی سہولت بھی متعارف کرا دی ہے۔ اس نظام کے تحت ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد شہری اپنا ڈرائیونگ لائسنس گھر بیٹھے وصول کر سکیں گے۔

حکام کے مطابق اسلام آباد کے رہائشیوں کو لائسنس ایک دن کے اندر، جبکہ دوسرے شہروں کے درخواست گزاروں کو دو دن کے اندر فراہم کیا جائے گا۔ اس سہولت سے شہریوں کو بار بار ٹریفک پولیس کے دفاتر جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور ان کا وقت بھی بچے گا۔

چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان کا کہنا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانا، طلبہ کو سہولت فراہم کرنا اور شہریوں کو جدید، شفاف اور آسان ٹریفک خدمات فراہم کرنا اسلام آباد ٹریفک پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے۔

editor

Related Articles