7 مطالبات تسلیم کرو ورنہ آبنائے ہرمز کی پرانی صورتحال بحال نہیں ہوگی، ایران کا امریکہ کو دو ٹوک پیغام

7 مطالبات تسلیم کرو ورنہ آبنائے ہرمز کی پرانی صورتحال بحال نہیں ہوگی، ایران کا امریکہ کو دو ٹوک پیغام

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران جنگ جاری رکھنے کا خواہاں نہیں بلکہ امن چاہتا ہے تاہم جنگ کے خاتمے کیلئے امریکا کو ایرانی مطالبات تسلیم کرنا ہوں گے۔ 

الجزیرہ کو انٹرویو دیتے ہوئے باقر قالیباف نے کہا کہ ایران نے امریکا کو اپنے مطالبات کے حوالے سے واضح اور شفاف پیغام پہنچا دیا ہے۔ اب واشنگٹن کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس پر اپنا مؤقف واضح کرے اور ایرانی تجاویز کا جواب دے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے  7مطالبات میں آبنائے ہرمز کے مستقبل سے متعلق نئی شرائط بھی شامل ہیں۔ جنگ سے پہلے آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کا جو نظام موجود تھا  اب اسے اسی شکل میں بحال نہیں کیا جائے گا۔
آبنائے ہرمز کا نیا نظام
ایرانی اسپیکر نے آبنائے ہرمز کے معاملے پر واضح کیا کہ اس اہم بحری گزرگاہ کے مستقبل کا تعین ایران اور عمان کے درمیان اتفاق رائے سے ہوگا۔ اس مقصد کیلئے بحری آمدورفت کے نظام سے متعلق نئی شرائط طے کرنے کی بات چیت کی جائے گی۔

ان کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ تہران جنگ کے خاتمے کے ساتھ آبنائے ہرمز کے انتظام اور بحری نقل و حرکت کے حوالے سے بھی تبدیلی چاہتا ہے۔ یہ معاملہ ایران کے سات مطالبات میں شامل اہم نکات میں سے ایک ہے۔
امریکا اور اسرائیل کیلئے واضح پیغام
باقر قالیباف نے کہا کہ مجوزہ مفاہمتی یادداشت کی اہم شق مزاحمتی محاذ کے خلاف جنگ کا خاتمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ  اگر امریکا یا اسرائیل نے دوبارہ جنگ شروع کی تو ایران دونوں کا مشترکہ طور پر مقابلہ کرے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایران اور مزاحمتی قوتیں ایک ہی محاذ پر ہیں اور تہران اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔

ایرانی اسپیکر  نے کہا کہ جنگ کا تسلسل صرف ایران تک محدود اثرات نہیں رکھے گا بلکہ پورے خطے کی سلامتی اور معیشت کو متاثر کرے گا۔ خطے کے ممالک بھی اس کشیدگی کے نتائج سے محفوظ نہیں رہ سکیں گے۔
 
جنگ بندی کیلئے ایران کا مؤقف
ایرانی اسپیکر کے انٹرویو میں ایک طرف جنگ ختم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا تو دوسری جانب امریکا اور اسرائیل کیلئے سخت مؤقف بھی سامنے رکھا گیا۔

قالیباف نے واضح کیا کہ ایران امن چاہتا ہے، لیکن جنگ کے خاتمے کا معاملہ صرف جنگ بندی تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔ تہران اپنے سات مطالبات، آبنائے ہرمز کے نئے نظام اور مزاحمتی محاذ کے خلاف کارروائیوں کے خاتمے کو بھی اہم قرار دے رہا ہے۔

editor

Related Articles