امریکا میں اچانک فضائی آپریشن ٹھپ! ہزاروں پروازیں رک گئیں،ریڈاراورایئر ٹریفک کنٹرول بھی متاثر

امریکا میں اچانک فضائی آپریشن ٹھپ! ہزاروں پروازیں رک گئیں،ریڈاراورایئر ٹریفک کنٹرول بھی متاثر

امریکا میں فضائی ٹریفک کنٹرول کے نظام میں اچانک تکنیکی خرابی نے ملک بھر کے فضائی آپریشن کو متاثر کر دیا۔ مختلف ہوائی اڈوں پر پروازوں کی روانگی روک دی گئی جبکہ ہزاروں پروازیں متاثر ہونے سے فضائی سفر کا نظام شدید دباؤ کا شکار ہوگیا۔ خرابی کے باعث ریڈار اور ایئر ٹریفک کنٹرول مراکز کی صلاحیت بھی متاثر ہوئی، جس کے بعد حکام نے حفاظتی اقدامات کے تحت پروازیں روکنے کا فیصلہ کیا۔

امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے مطابق تکنیکی مسئلے نے فضائی نگرانی اور طیاروں کی آمد و رفت کو کنٹرول کرنے کی صلاحیت متاثر کی۔ حکام نے ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر پروازوں کی روانگی روکنے کے اقدامات کیے تاکہ فضائی آپریشن کے دوران کسی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔

ایف اے اے کا کہنا ہے کہ امریکا آنے والی بین الاقوامی پروازوں کا بھی الگ الگ جائزہ لیا جائے گا۔ تاہم حکام نے تاحال گراؤنڈ اسٹاپ ختم کرنے اور فضائی آپریشن معمول پر آنے کا کوئی حتمی وقت نہیں بتایا۔

ایف بی آئی بھی تحقیقات میں شامل

امریکی فضائی نظام میں خرابی کی وجوہات جاننے کے لیے تکنیکی ماہرین تحقیقات کر رہے ہیں جبکہ وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے بھی معاملے کی چھان بین شروع کر دی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق اب تک کسی سائبر حملے یا تخریب کاری کی سرکاری تصدیق نہیں ہوئی۔ حکام اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ فضائی ٹریفک کنٹرول کے نظام میں خرابی کس نوعیت کی تھی اور اس کے پیچھے کون سے تکنیکی عوامل کارفرما تھے۔

عوام کو خوفزدہ نہ ہونے کی ہدایت

ہوم لینڈ سکیورٹی کے سربراہ مارک وین مولن نے کہا ہے کہ عوام کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔ ان کے مطابق تمام پروازوں کا ریکارڈ موجود ہے جبکہ ایئر ٹریفک کنٹرول مراکز میں مواصلاتی نظام کی خرابی کے باعث پروازیں روکنے کا فیصلہ کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ حکام کی جانب سے فضائی نظام کی بحالی اور خرابی کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے کام جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کا نظام بھی متاثر

دوسری جانب امریکا کے محکمہ موسمیات کو بھی ملک گیر انٹرنیٹ اور مواصلاتی نظام میں خرابی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس مسئلے کے باعث محکمہ موسمیات کی ویب سائٹس پر موسم سے متعلق معلومات تک رسائی متاثر ہوئی۔

حکام کے مطابق تکنیکی ماہرین مواصلاتی مسائل دور کرنے میں مصروف ہیں۔ فضائی نظام اور موسمی معلومات کی فراہمی میں بیک وقت پیش آنے والی مشکلات نے مختلف سرکاری اداروں کے تکنیکی نظام کی کارکردگی پر بھی توجہ مرکوز کر دی ہے۔

امریکی حکام کے لیے فوری چیلنج فضائی آپریشن کو محفوظ انداز میں بحال کرنا اور تکنیکی خرابی کی اصل وجوہات کا تعین کرنا ہے۔ فی الحال پروازوں کی مکمل بحالی کے وقت سے متعلق حتمی اعلان سامنے نہیں آیا۔

editor

Related Articles