شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران دہشت گردوں کے خلاف کی گئی مختلف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 81 سے 91 دہشت گردوں کی ہلاکت اور 42 سے 47 کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
موصولہ آپریشنل تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ تین روز کے دوران دہشت گردوں کے خلاف مختلف مراحل میں کارروائیاں کیں، جن میں دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ابتدائی کارروائیوں میں 47 سے 54 دہشت گرد ہلاک اور 37 سے 42 زخمی ہوئے، جبکہ آپریشن کے پہلے مرحلے میں مزید 18 سے 21 دہشت گرد ہلاک اور 5 زخمی ہوئے۔
تازہ ترین تفصیلات کے مطابق 13 نومبر کو کی گئی کارروائیوں میں مزید 16 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جن میں سے 9 کی لاشیں برآمد کر لی گئیں، جبکہ 2 لاشوں کے جل جانے کی بھی اطلاع دی گئی ہے۔
آپریشنل رپورٹ میں گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران مختلف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 81 سے 91 دہشت گردوں کی ہلاکت اور 42 سے 47 کے زخمی ہونے کا تخمینہ ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانبشمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگا کر مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو ہلاک اور 3 کو زخمی کر دیا، جبکہ ہلاک دہشت گردوں کی لاشیں اور جدید اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق 13 نومبر کی رات تقریباً 2 بج کر 35 منٹ پر تھرمل امیجنگ کیمرے کی مدد سے 5 دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا پتا چلایا گیا، جو منظر خیل سے بویا نالے کے راستے دیگان کی جانب بڑھ رہے تھے۔
سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی مسلسل نگرانی جاری رکھی۔ صبح تقریباً 4 بج کر 20 منٹ پر دیگان کے جنگلات کے قریب پہنچنے پر دہشت گردوں کو فضائی کارروائی کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور دیگر زخمی ہوگئے۔
آپریشنل تفصیلات کے مطابق بعد ازاں سیکیورٹی فورسز کی ٹیمیں علاقے میں پہنچیں اور اسنائپر فائر کے ذریعے ایک مزید دہشت گرد کو ہلاک کر دیا۔ کارروائی کے دوران زخمی دہشت گرد خراب موسمی حالات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مبینہ طور پر منظر خیل کی جانب فرار ہوگئے، جن کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری رکھا گیا۔