شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی، 2 دہشت گرد ہلاک

شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی، 2 دہشت گرد ہلاک

شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگا کر مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو ہلاک اور 3 کو زخمی کر دیا، جبکہ ہلاک دہشت گردوں کی لاشیں اور جدید اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔

ذرائع  کے مطابق 13 نومبر کی رات تقریباً 2 بج کر 35 منٹ پر تھرمل امیجنگ کیمرے کی مدد سے 5 دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا پتا چلایا گیا، جو منظر خیل سے بویا نالے کے راستے دیگان کی جانب بڑھ رہے تھے۔

سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی مسلسل نگرانی جاری رکھی۔ صبح تقریباً 4 بج کر 20 منٹ پر دیگان کے جنگلات کے قریب پہنچنے پر دہشت گردوں کو فضائی کارروائی کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور دیگر زخمی ہوگئے۔

آپریشنل تفصیلات کے مطابق بعد ازاں سیکیورٹی فورسز کی ٹیمیں علاقے میں پہنچیں اور اسنائپر فائر کے ذریعے ایک مزید دہشت گرد کو ہلاک کر دیا۔ کارروائی کے دوران زخمی دہشت گرد خراب موسمی حالات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مبینہ طور پر منظر خیل کی جانب فرار ہوگئے، جن کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری رکھا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: 35 دہشت گردوں کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کا واضح مظہر ہے گورنر فیصل کریم کنڈی

سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران 2 دہشت گردوں کی لاشیں، ایک چینی ساختہ سب مشین گن اور بائی پوڈ سے لیس ایک ایم 16 رائفل برآمد کر لی۔ دوسری جانب شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بنیادوں پر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن مسلسل چھٹے روز بھی جاری ہے، جس کے دوران مزید 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ آپریشن میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 47 تک پہنچ گئی ہے۔

فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے میر علی میں دہشت گردوں کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران ان کے متعدد ٹھکانوں اور گولہ بارود کے ذخائر کو تباہ کر دیا ہے۔ آپریشن کے دوران 100 کلوگرام سے زائد بارودی مواد کے ساتھ بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

چھ روز سے جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور اسلحہ و گولہ بارود کے ذخائر کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جبکہ تازہ کارروائی میں مزید 4 دہشت گردوں کی ہلاکت کے بعد مجموعی تعداد 47 ہوگئی ہے۔

Related Articles