فضل الرحمان کو آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت نااہل قرار دینے کا مطالبہ، شہریوں نے اسپیکر قومی اسمبلی کو درخواست بھجوا دی

فضل الرحمان کو آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت نااہل قرار دینے کا مطالبہ، شہریوں نے اسپیکر قومی اسمبلی کو درخواست بھجوا دی

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے انتخابی گوشواروں اور ظاہر کردہ اثاثوں سے متعلق مبینہ تضادات کا معاملہ اسپیکر قومی اسمبلی تک پہنچ گیا۔ مختلف شہریوں نے آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت مولانا فضل الرحمان کی نااہلی کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی کو درخواست ارسال کرتے ہوئے ان کے انتخابی کاغذات اور مالی گوشواروں کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔

درخواست میں شہریوں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 265 سے منتخب رکن مولانا فضل الرحمان نے مبینہ طور پر اپنے انتخابی کاغذات میں مکمل مالی معلومات ظاہر نہیں کیں، جس کے باعث ان کی اہلیت سے متعلق آئینی سوالات پیدا ہوتے ہیں۔

درخواست گزاروں نے الزام عائد کیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے اپنی اہلیہ کے زیرِ ملکیت 55 تولے سونے کی تفصیلات الیکشن کمیشن آف پاکستان اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے سامنے ظاہر نہیں کیں۔ درخواست میں ان کے بینک اکاؤنٹ سے متعلق معلومات چھپانے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حلال و حرام کا درس دینے والے فضل الرحمن کی بے نامی جائیدادوں کے منظر عام پر آنے کا سلسلہ جاری ، کراچی میں رحیم پلازہ سامنے آگیا

شہریوں کے مطابق انتخابی امیدواروں کے لیے اپنے اثاثوں، واجبات اور متعلقہ مالی معلومات کی درست تفصیلات فراہم کرنا ضروری ہے۔ درخواست گزاروں کا دعویٰ ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے انتخابی ریکارڈ میں مبینہ طور پر بعض اہم اثاثوں کی معلومات موجود نہیں، جن کی باقاعدہ جانچ ہونی چاہیے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ اگر کسی منتخب رکن اسمبلی کی جانب سے جان بوجھ کر اثاثے چھپانے یا غلط مالی تفصیلات جمع کرانے کا معاملہ ثابت ہو تو اس کے قانونی اور آئینی نتائج مرتب ہو سکتے ہیں۔

درخواست گزاروں نے اسپیکر قومی اسمبلی سے اپیل کی ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف اٹھائے گئے اعتراضات کا جائزہ لیا جائے اور آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 سمیت متعلقہ قانونی دفعات کے تحت کارروائی کی جائے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے انتخابی کاغذات نامزدگی، الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے اثاثوں کے گوشواروں، ایف بی آر میں فراہم کردہ مالی معلومات اور بینک اکاؤنٹس سے متعلق ریکارڈ کا تقابلی جائزہ لیا جائے تاکہ الزامات کی حقیقت سامنے آ سکے۔

اسپیکر قومی اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے درخواست میں مولانا فضل الرحمان کی نااہلی کے لیے قانونی کارروائی شروع کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست کے ساتھ متعدد افراد کے نام اور دستخط بھی موجود ہیں۔

Related Articles