عوام کے لیے خوشخبری، پیٹرول مسلسل چوتھے روز سستا

عوام کے لیے خوشخبری، پیٹرول مسلسل چوتھے روز سستا

وفاقی حکومت نے عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید ریلیف دیتے ہوئے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے کمی کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 330 روپے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 360 روپے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 14 نومبر سے ہوگا اور یہ 16 نومبر 2026 تک نافذ العمل رہیں گی۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے مقرر کردہ طریقہ کار کے تحت عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی قیمتوں کا تعین کیا ہے۔

حکومت کی جانب سے گزشتہ چند روز کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل کمی کی گئی ہے۔ 12 نومبر کو پیٹرول 3 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 4 روپے فی لیٹر سستا کیا گیا تھا، جس کے بعد دونوں مصنوعات کی قیمتیں بالترتیب 332 روپے اور 360 روپے فی لیٹر ہوگئی تھیں۔

اس سے قبل 11 نومبر کو پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے فی لیٹر کمی کی گئی تھی۔ اسی طرح 10 نومبر کو پیٹرول 8 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 7 روپے فی لیٹر سستا کیا گیا تھا۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ 6 نومبر کو بھی جاری رہا تھا، جب حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 59 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 25 پیسے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا تھا۔

فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں 39 مرتبہ کمی اور 39 مرتبہ اضافہ کیا گیا، جبکہ اسی عرصے میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 34 مرتبہ کمی اور 45 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

مشرق وسطیٰ میں جاری بحران کے باعث حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کر رہی ہے، تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتیں برقرار رکھی جاتی ہیں۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے 13 ستمبر کو موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کے لیے پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے ریلیف دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔

Related Articles