جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی احتجاجی سیاست کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب احتجاجی کال کے باوجود پارٹی کی مرکزی قیادت اور اہم رہنما میدان میں نظر نہ آئے، جبکہ مدارس کے طلبہ بھی سڑکوں پر نکل کر احتجاج کا حصہ نہ بنے۔ بڑے احتجاجی مظاہروں اور سیاسی طاقت کے اظہار کی تیاریوں کے باوجود عملی طور پر وہ منظر سامنے نہ آسکا جس کی توقع فضل الرحمان کربیٹھے تھے ۔
مولانا فضل الرحمان کی احتجاجی حکمت عملی کا بنیادی سہارا پارٹی کارکنوں، سیاسی رہنماؤں اور مدارس سے وابستہ طلبا اور افراد کی شرکت کو سمجھا جا رہا تھا، لیکن احتجاج کے موقع پر ان طبقات کی عدم موجودگی نے پوری منصوبہ بندی کو متاثر کر دیا۔ پارٹی قیادت کی جانب سے بھرپور شرکت نہ ہونے اور کارکنوں کی محدود موجودگی نے احتجاج مکمل طور پر ناکام کردیا ۔
سیاسی حلقوں میں احتجاجی اعلانات اور عملی میدان میں موجود قوت کے درمیان فرق بھی زیر بحث آنے لگا ہے۔ ایک طرف احتجاج کے ذریعے سیاسی ماحول گرم کرنے اور حکومت پر دباؤ بڑھانے کی بات کی جا رہی تھی، دوسری جانب پارٹی کے اہم رہنماؤں اور کارکنوں کی عدم موجودگی نے اس حکمت عملی کے نتائج کو متاثر کیا۔
مدارس کے طلبہ کی عدم شرکت بھی اس احتجاجی منصوبے کے لیے اہم پہلو رہی، کیونکہ ماضی میں جمعیت علمائے اسلام کے احتجاجی اجتماعات میں مدارس سے وابستہ کارکنوں اور طلبہ کی شرکت نمایاں رہی ہے۔ اس بار ان کی عدم موجودگی نے احتجاجی سرگرمی کی مجموعی قوت کو محدود کر دیا۔
مولانا فضل الرحمان کی احتجاجی کال کے باوجود مطلوبہ سیاسی اور عوامی قوت سامنے نہ آنے سے ان کے احتجاجی بیانیے کو عملی شکل دینے میں مشکلات پیدا ہوئیں۔ پارٹی قیادت کی غیر موجودگی، کارکنوں کی عدم فعالیت اور مدارس کے طلبہ کی شرکت نہ ہونے نے یہ واضح کردیاکہ جے یو آئی خود اب فضل الرحمان کے بیانیے سے تنگ ہے ۔
یوں احتجاج کے ذریعے سیاسی طاقت دکھانے کا منصوبہ میدان میں وہ تاثر قائم نہ کر سکا جس کی توقع کی جا رہی تھی، اور فضل الرحمان کی احتجاجی ہنڈیا پکنے سے پہلے ہی بیچ چوراہے پھوٹ گئی۔