ای سی او کی قیادت پاکستان کے سپرد،علاقائی ترقی اوراقتصادی خوش حالی کے نئے اہداف مقرر

ای سی او کی قیادت پاکستان کے سپرد،علاقائی ترقی اوراقتصادی خوش حالی کے نئے اہداف مقرر

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان سے ملاقات میں علاقائی تعاون، تجارتی روابط اور مشترکہ اقتصادی ترقی کے فروغ کے لیے قریبی اشتراک پر اتفاق کیا ہے۔ پاکستان نے 2027 میں ای سی او سربراہی اجلاس کی میزبانی کے عزم کا بھی اعادہ کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ ملاقات اتوار کو اسلام آباد میں ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی، جس میں تنظیم کے مستقبل کے لائحہ عمل اور پاکستان کی آئندہ صدارت کے دوران ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں اسحاق ڈار نے ای سی او خطے میں اقتصادی تعاون کو وسعت دینے، رکن ممالک کے درمیان روابط بہتر بنانے اور باہمی اقتصادی انضمام کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان کی آئندہ صدارت کے لیے منتخب کردہ موضوع ’’مضبوط اور مستحکم اقتصادی تعاون تنظیم کے لیے علاقائیت کا احیا‘‘ کے تحت حکومتی ترجیحات سے بھی آگاہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں :اسلام آباد علاقائی معاشی سفارتکاری کا مرکز،پاکستان کی میزبانی میں ای سی او وزرائے خارجہ کا اہم اجلاس آج سے شروع

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ای سی او کے پلیٹ فارم کو علاقائی ترقی، اقتصادی خوش حالی اور رکن ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے 2027 میں تنظیم کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

ای سی او سیکرٹری جنرل کا پاکستانی انتظامات اور میزبانی کا اعتراف

ڈاکٹر اسد مجید خان نے وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کے بہترین انتظامات، مہمان نوازی اور مؤثر رابطہ کاری پر پاکستان کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کو تنظیم کی آئندہ صدارت سنبھالنے اور 2027 میں وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس سمیت سربراہی اجلاس کی میزبانی پر مبارکباد پیش کی۔

ای سی او سیکریٹری جنرل نے علاقائی تعاون اور کثیرالجہتی اشتراک کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی قابل تحسین قرار دیا،اس موقع پر اسحاق ڈار نے ای سی او کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور پاکستان کی صدارت کے دوران تنظیمی ترجیحات پر عمل درآمد میں تعاون کرنے پر سیکریٹریٹ کی کاوشوں کو سراہا۔

پاکستان اور ای سی او سیکریٹریٹ میں قریبی رابطہ کاری پر اتفاق

ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ پاکستان کی صدارت کے دوران حکومت اور ای سی او سیکریٹریٹ کے درمیان مسلسل رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔ اس تعاون کا مقصد طے شدہ منصوبوں پر مؤثر عمل درآمد، علاقائی ترقی اور رکن ممالک کی مشترکہ خوش حالی کے اہداف کو عملی شکل دینا ہے۔

editor

Related Articles