نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے درمیان اسلام آباد میں ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات، علاقائی و عالمی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ ملاقات اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ سطح کے مسلسل روابط کے ذریعے دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے دوران ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کی کامیاب میزبانی پر پاکستان کو مبارکباد دی اور اجلاس میں ہونے والی مفید مشاورت، پرتپاک مہمان نوازی اور بہترین انتظامات کو سراہا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اقتصادی تعاون تنظیم کی ترجیحات کو آگے بڑھانے، بالخصوص علاقائی تعاون اور روابط کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا،علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ زیر التوا مسائل کے حل، کشیدگی کی روک تھام اور پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد قابل عمل راستہ ہیں۔
دونوں جانب سے مسلسل رابطوں اور مشاورت کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ملاقات کے اختتام پر اسحاق ڈار اور عباس عراقچی نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور باقاعدگی سے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔