وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل اسماعیل ولد الشیخ احمد نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی گئی اور مسلم امہ کو درپیش مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے او آئی سی کے کردار کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے دورہ اسلام آباد پر خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے رکن ممالک کی جانب سے اتفاق رائے سے ان کا انتخاب اس بات کا ثبوت ہے کہ رکن ممالک کو ان کی قیادت پر اعتماد ہے۔
اس موقع پر او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل اور قابل قدر کوششوں کو سراہا،ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ مسلم امہ کی نمائندہ تنظیم کی حیثیت سے او آئی سی کو امت مسلمہ کو درپیش اہم مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں کی قیادت کرنے کا منفرد موقع حاصل ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیچیدہ چیلنجز کا سامنا کرنے والی مسلم امہ کے مشترکہ مفادات کے لیے او آئی سی کے کردار کو مزید مضبوط بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
ملاقات میں فلسطین اور جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی حمایت کا بھی اعادہ کیا گیا،وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو مسلم امہ کو درپیش مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قائدانہ کردار ادا کرنے پر فخر ہے اور پاکستان اس حوالے سے او آئی سی کی کوششوں کی حمایت کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔
