متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے فوری استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صوبے کے انتظامی اور مالی امور چلانے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔
کراچی سے جاری بیان میں ایم کیو ایم کے ترجمان نے سندھ حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صوبے کے بیشتر اضلاع میں اسکول سے باہر بچوں کی شرح 44 فیصد تک پہنچ چکی ہے، جبکہ اپریل 2026 تک 6 ہزار بچے حکومتی بے حسی کے باعث ایچ آئی وی ایڈز کا شکار ہوئے۔
ترجمان نے کہا کہ گزشتہ 18 برس سے مسلسل پیپلز پارٹی کی حکومت کے باوجود اندرون سندھ کے 48 فیصد بچوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما عمر کے تقاضوں کے مطابق نہیں ہو رہی،ایم کیو ایم ترجمان کا کہنا تھا کہ سندھ کے حکمران کراچی کی پانی کی لائنوں سے پانی چوری کرکے شہریوں کو ٹینکرز کے ذریعے فروخت کر رہے ہیں، جبکہ عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ نئے صوبوں کی تحریک روکنے میں ناکام پیپلز پارٹی حواس کھو بیٹھی ہے، اسے جان لینا چاہیے کہ کوئی سازش یا پروپیگنڈا مصطفیٰ کمال کو نئے صوبوں کی حمایت سے دستبردار نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کی تشکیل سے پیپلز پارٹی کو نہ صرف سالانہ سوا 2 ہزار ارب روپے ہاتھ سے نکل جانے کا خوف ہے بلکہ وفاق میں دوبارہ حکومت بنانے کا موقع نہ ملنے کی پریشانی بھی لاحق ہے،ایم کیو ایم ترجمان نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ صوبے کے انتظامی، مالی اور عوامی مسائل حل کرنے میں ناکامی پر فوری طور پر مستعفی ہوں۔
