پاکستانی معیشت کے تمام بڑے اشاریوں میں بہتری،اسٹیٹ بینک کی سالانہ رپورٹ جاری

پاکستانی معیشت کے تمام بڑے اشاریوں میں بہتری،اسٹیٹ بینک کی سالانہ رپورٹ جاری

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملکی معیشت کی کیفیت پر مالی سال 2026ء کی سالانہ رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق مالی سال 2026ء کے دوران تمام اہم اقتصادی اشاریوں میں بہتری ریکارڈ کی گئی اور پاکستانی معیشت نے ملکی و عالمی سطح پر درپیش اقتصادی دھچکوں کے مقابلے میں لچک کا مظاہرہ کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ محتاط زری پالیسی اور معاشی اصلاحات نے بڑی محنت سے حاصل کیے گئے معاشی استحکام کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ بڑے پیمانے کی اشیا سازی (لارج اسکیل مینوفیکچرنگ) کی پیداوار میں بحالی کے باعث حقیقی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو میں اضافہ ہوا۔

اسٹیٹ بینک کے تخمینے کے مطابق مالی سال 2027ء میں حقیقی جی ڈی پی کی شرح نمو 3.5 سے 4.5 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق معاشی سرگرمیوں میں بحالی کے نتیجے میں درآمدات میں اضافہ ہوا، تاہم عالمی سطح پر ناموافق رجحانات کے باعث برآمدات محدود رہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کارکنوں کی ترسیلات زر میں مضبوط نمو کے باعث مالی سال 2026ء میں جاری کھاتے کا خسارہ جی ڈی پی کے محض 0.1 فیصد تک محدود رہا۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے زرمبادلہ کی بھاری خریداری اور پیشگی واجبات میں کمی کے نتیجے میں ملکی زرمبادلہ ذخائر میں بھی قابل قدر اضافہ ریکارڈ کیا گیا،رپورٹ کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے باوجود مالی سال 2026ء کے دوران مہنگائی کی شرح وسط مدتی ہدف 5 سے 7 فیصد کی بالائی حد کے قریب رہی۔

اسٹیٹ بینک نے زرعی شعبے کے حوالے سے خبردار کیا ہے کہ ایل نینو کی ابتر صورتحال زرعی پیداوار کے لیے خطرہ بن سکتی ہے، تاہم گزشتہ سال کے مقابلے میں گنا، چاول اور مکئی کی پیداوار میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ میں پیشگوئی کی گئی ہے کہ مالی سال 2027ء کے دوران جاری کھاتے کا خسارہ جی ڈی پی کے صفر سے ایک فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے، جبکہ مہنگائی بتدریج کم ہوکر 5 سے 7 فیصد کے وسط مدتی ہدف کی حد میں آجائے گی۔

editor

Related Articles