حکومت نے عوام کو جزوی ریلیف دیتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 2، 2 روپے فی لیٹر کمی کردی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 328 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت 358 روپے فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 328 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 2 روپے فی لیٹر کمی کردی گئی ہے۔ قیمت میں کمی کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 358 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 17 نومبر سے ہوگا اور یہ قیمتیں مذکورہ تاریخ کے لیے نافذ العمل ہوں گی۔
پیٹرول کی قیمت میں کمی سے موٹر سائیکلوں، گاڑیوں اور دیگر نجی ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والے صارفین کو معمولی ریلیف ملے گا، جبکہ ڈیزل سستا ہونے سے مال بردار گاڑیوں، پبلک ٹرانسپورٹ اور زرعی شعبے کے اخراجات پر بھی کچھ کمی آنے کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ردوبدل کا براہ راست اثر عوام کے سفری اخراجات، اشیائے ضروریہ کی ترسیل اور مجموعی مہنگائی پر پڑتا ہے۔ حکومت کی جانب سے دونوں اہم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان ایسے میں سامنے آیا ہے جب عوام کو مہنگائی اور روزمرہ اخراجات کے دباؤ کا سامنا ہے۔