عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس نے معاشی منظرنامے کو یکسر بدل کر رکھ دیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 54 سینٹ (0.6 فیصد) کمی کے بعد 95.30 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل 22 سینٹ (0.3 فیصد) کمی کے بعد 88.34 ڈالر فی بیرل پر آ گیا ہے۔
قیمتوں میں اس گراوٹ کی بنیادی وجہ رواں سال کی آخری سہ ماہی میں طلب کے مقابلے میں تیل کی زیادہ سپلائی کی توقع ہے۔
بین الاقوامی توانائی ایجنسی (آئی ای اے) کی پیشگوئی کے مطابق، چوتھی سہ ماہی میں عالمی سطح پر تیل کی سپلائی یومیہ 10 کروڑ 50 لاکھ بیرل تک پہنچ سکتی ہے، جو کہ متوقع طلب سے یومیہ 17 لاکھ بیرل زیادہ ہوگی۔
مشرق وسطیٰ میں آبنائے ہرمز کے راستے تیل کی ترسیل جنگ سے پہلے کی سطح پر بحال ہو چکی ہے، جس سے مارکیٹ پر دباؤ مزید بڑھا ہے۔
دوسری جانب دنیا میں خام تیل کے دوسرے بڑے صارف چین میں بھی طلب میں کمی کے واضح آثار سامنے آئے ہیں ، چین کے قومی ادارہ شماریات کے تازہ اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ اکتوبر میں ریفائنریوں کی خام تیل پراسیسنگ گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 2 فیصد اور گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 8.1 فیصد کم رہی ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والی اس کمی کا براہِ راست مثبت اثر پاکستان پر بھی پڑے گا، اور ملک میں پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں مزید کمی کا قوی امکان پیدا ہو گیا ہے جو عام صارفین کے لیے ایک بڑی راحت ثابت ہوگی۔